3 فیصد ٹیکس مسلط کرنیوالوں کی ہڑتال مسترد ہو گئی ہے،شہر کے تمام اہم ،بڑے تجارتی مراکز کھلے رہے،عتیق میر

ہفتہ 1 اگست 2015 17:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء)3 فیصد ٹیکس مسلط کرنے والوں کی ہڑتال مسترد ہو گئی ہے،شہر کے تمام اہم اور بڑے تجارتی مراکز کھلے رہے، ہفتہ کوآل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے شہر کی مارکیٹوں کا دورہ کرنے کے بعد کراچی پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تاجر برادری کو سرکاری انجمن تاجران کی ہڑتال ناکام بنانے پر مبارکباد پیش کی اور اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری حکومت نواز خود ساختہ تاجر نمائندگان کی گمراہ کن ہڑتال مسترد کر کے گہری سازش کا شکار ہونے سے بچ گئی، انہوں نے کہا کہ مؤرخہ 4 اگست کو بینک ٹرانزیکشن ٹیکس کے خلاف عظیم الشان کار ریلی نکالی جائیگی جب کہ اس غیر منصفانہ ٹیکس کے خلاف مسلسل احتجاج کیا جائیگا، ، تاجر 5 اگست کی ہڑتال کو بھرپور کامیاب بنائیں، اس موقع پر سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین شیخ حبیب، اکرم رانا،انصار بیگ قادری، طارق ممتاز، زبیر علی خان، شیخ ارشاد، ایاز میمن موتی والا، ادریس میمن، دلشاد بخاری، خالد انور، ندیم شاہ، لطیف احمد، عبدالحئی خان،ملک اسلم جاویداور دیگر نے شرکت کی، عتیق میر نے شہر کے اہم ترین تجارتی علاقوں میں واقع مارکیٹوں جامع کلاتھ، ایم اے جناح روڈ، صدر، اردو بازار، ٹائر مارکیٹ، موٹر سائیکل مارکیٹ، سائیکل مارکیٹ، لائٹ ہاؤس، بوہری بازار، ریگل، طارق روڈ، کلفٹن، بوہرہ پیر، لیاقت آباد، ملیر، بابر مارکیٹ، کورنگی، لانڈھی،شاہ فیصل، ڈرگ کالونی،قائد آباد، کھوکھرا پار، ماڈل کالونی، حیدری، گلبہار، آرام باغ، گارڈن آئل اینڈ اسپیئر پارٹس مارکیٹ، آئرن شیٹ مارکیٹ، ٹمبر مارکیٹ، میڈیسن مارکیٹ، نیو کراچی، برنس روڈ، شیر شاہ پراچہ چوک، پاپوش، گولیمار، جوبلی، ڈیفنس، زمزمہ کے تاجروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اگر آئندہ بھی ایسی ہی یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا تو انشاء اﷲ ہم اپنے نیک مقصد میں ضرور کامیاب ہونگے، انہوں نے تاجروں کو یقین دلایا کہ ہم احتجاج کے ساتھ ساتھ حکومت سے ٹیکسیشن اصلاحات پر بات چیت بھی کر رہے ہیں، اگر حکومت نے سنجیدگی اختیار کی تو مذاکرات نتیجہ خیز ہوں گے اور تاجر برادری ٹیکس نیٹ میں بھر پور طریقے سے شامل ہو گی۔