وزیر اعظم سے پیپلز پارٹی کے رہنما سردار مشتاق کی ملاقات ،ن لیگ میں شمولیت اختیار کر لی

ہزارہ مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے، موٹروے منصوبہ علاقے کی تقدیر بدل دیگا،نواز شریف

ہفتہ 1 اگست 2015 16:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی سردار مشتاق نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی، وزیر اعظم نواز شریف نے سردار مشتاق کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کوشاں ہے، ہزارہ موٹروے علاقے کی تقدیر بدل دے گی،ترجمان وزیر اعظم ہاؤس مصدق ملک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ کے روز ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق رکن صوبائی اسمبلی سردار مشتاق کی قیادت میں وفد نے یہاں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے اس موقع پرصوبائی صدر پیر صابر شاہ ،وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی، رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی اور دیگر لیگی رہنما بھی موجود تھے ، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال خصوصا ہزارہ ڈویژن کی تعمیر وترقی اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا، سردار مشتاق نے وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وفد کے ہمراہ مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کیا،وزیر اعظم نے سردار مشتاق اور ان کے وفد کو ن لیگ میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہزارہ ڈویژن مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے ،سردار مشتاق کی شمولیت سے مسلم لیگ (ن) ہزارہ میں مزید مضبوط ہوگی ،انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں ہزارہ کی تعمیر و ترقی کو اولین اور خصوصی ترجیحی دی ہے اور عوامی مسائل کا حل ہماری پہلی ترجیح ہے ،انہوں نے کہا کہ ہزارہ موٹروے منصوبہ علاقے کی تقدیر بدل دیگا،سردار مشتاق نے ہری پور ضمنی الیکشن سے قبل وزیر اعظم کو دورے کی دعوت دی جسے وزیر اعظم نے قبول کرتے ہوئے جلد دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سردار مشتاق 2 مرتبہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں اور2 مرتبہ صوبائی وزیر بھی رہ چکے ہیں