چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کا برازیل کی وزارت دفاع کا دورہ

برازیل کے چیف آف جوائنٹ سٹاف جنرل جوز کارلوس ڈی نارڈی سے ملاقات، دفاعی صنعت ، تربیت اور پیشہ وارانہ امور کے حوالے سے دوطرفہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

ہفتہ 1 اگست 2015 16:48

راولپنڈی ۔یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود جو برازیل کے سرکاری دورے پر ہیں نے ہفتہ کو برازیل کی وزارت دفاع کا دورہ کیا۔ وزارت میں ان کی آمد کے موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ بعدازاں انہوں نے برازیل کے چیف آف جوائنٹ سٹاف جنرل جوز کارلوس ڈی نارڈی سے ملاقات کی اس موقع پر دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی صنعت ، تربیت اور پیشہ وارانہ امور کے حوالے سے دوطرفہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاک کمیٹی نے برازیل کے فوجی ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا اور برازیل کی فوج کے کمانڈر جنرل ایڈارڈو ڈیاڈی کوسٹا اور بزازیل کی ایئر فورس کے کمانڈر لیفٹیننٹ برگیڈیئر نیولالڈوا لوئس روسیٹو سے ملاقات کی ۔ برازیل کی مسلح افواج کی قیادت نے دشتگردی کے خاتمہ کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور دہشتگردی کی جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ اس سے پہلے جنرل راشد محمود نے سپیرئیر وار کالج برازیل کا دورہ کیا اور ادارے کے معاملات کے بارے میں ادارے کے سربراہ نے انہیں بریفننگ دی۔