کاشتکاروں کو توریا اے کی کاشت وسط اگست سے شروع کرنے کی ہدایت

ہفتہ 1 اگست 2015 16:45

فیصل آباد ۔یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء)جامعہ زرعیہ فیصل آبادکے ماہرین زراعت نے ملک میں خوردنی تیل کی پیداوار بڑھانے اور اس کی برآمد کی شرح میں اضافہ سمیت زیادہ سے زیادہ زر مبادلہ حاصل کرنے کیلئے تیل دار اجناس کی کاشت کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کاشتکار تیل دار اجناس کی منظور شدہ اقسام کاشت کر کے بھاری مالی فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتا یا کہ توریا اے ، اوریا انمول زائد خریف کی فصلیں ہیں جبکہ پیلا رایا ، سرسوں ، ڈی جی ایل ، چکوال رایا ، خانپور رایا موسم ربیع کی فصلیں ہیں۔ اس کے علاوہ کینولا اقسام میں پنجاب سرسوں منظور شدہ قسم ہے جسے پورے پنجاب میں 20ستمبر سے 31اکتوبر تک کاشت کیا جا سکتا ہے جبکہ زائد خریف کی فصلوں میں توریا اے کووسط اگست سے وسط ستمبر تک کاشت کرنا مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تیل دار اجناس کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے انہیں بر وقت کاشت کرنا اور صحت مند و صاف ستھرے بیج کا استعمال بھی انتہائی ضروری ہے۔