زرعی ماہرین کی چقندر کی کاشت وسط اگست سے شروع کر نے کی ہدایت

ہفتہ 1 اگست 2015 16:43

فیصل آباد ۔یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء)جامعہ زرعیہ فیصل آبادکے زرعی ماہرین نے چقندر کی کاشت وسط اگست سے شروع کر نے کی ہدایت کی ہے اور کاشتکاروں سے کہا ہے کہ وہ چقندر کی فی ایکڑ بہترین پیداوار حاصل کرنے کیلئے چقندر کی کاشت کا عمل ستمبر کے آخر تک مکمل کر لیں ۔ ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ چقندر ایک انتہائی اہم ، منافع بخش اور نقد آورفصل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ زرعی تحقیقی اداروں کی سالہا سال کی محنت ، تجربات اور مشاہدات کے باعث چقندر کی فی ایکڑ پیداوار 7سو من سے بڑھ کر 12سو من تک پہنچ گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کاشتکار چقندر کی کاشت کے دوران جدید سائنسی طریقہ کاشت سے استفادہ کریں تو یہ پیداوار بآسانی 15سو من فی ایکڑ تک پہنچائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار چقندر کی کاشت کیلئے مزید معلومات و رہنمائی کی غرض سے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے عملہ کی خدمات بھی حاصل کر سکتے ہیں۔