وزیراعظم محمد نواز شریف سے ہری پور سے سابق رکن قومی اسمبلی سردار محمد مشتاق کی ملاقات

وزیراعظم کا پاکستان مسلم لیگ نون میں شمولیت پر سردار محمد مشتاق کا خیر مقدم

ہفتہ 1 اگست 2015 16:43

اسلام آباد ۔ یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف سے ہری پور سے سابق رکن قومی اسمبلی سردار محمد مشتاق نے ہفتہ کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سردار محمد مشتاق نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان اور وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ نون میں شمولیت پر سردار محمد مشتاق کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی شمولیت سے ضلع ہری پور میں پارٹی مزید مستحکم ہوگی اور وہ کارکنوں کو مزید فعال بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

سردار محمد مشتاق نے وزیراعظم کو ضلع ہری پور میں ترقیاتی منصوبوں اور دیگر ضروریات کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنے ہری پور کے دورہ کے دوران علاقے کے لوگوں کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کیلئے ہدایات جاری کریں گے۔ سردار محمد مشتاق نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ وہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 19 میں آئندہ ضمنی انتخابات میں پارٹی کی بھرپور حمایت کریں گے۔

ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے صدر پیر صابر شاہ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی ، رکن قومی اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر اور سیاسی امور کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی بھی موجود تھے۔ سردار محمد مشتاق سابق صوبائی وزیر اور ہری پور سے دو مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی بھی رہ چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :