سرمایہ کاروں کے تحفظ کیلئے ا یس ای سی پی نے کے ایس ای کے قواعد میں ترمیم کردی

نَیٹ کیپٹل بیلنس کی ذمہ داری صرف آڈیٹرز کو سونپی جاسکے گی جو اسٹیٹ بینک کے پینل کی کیٹگری اے یا بی سے تعلق رکھتے ہوں

ہفتہ 1 اگست 2015 16:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کے لئے ایس ای سی پی نے کراچی سٹاک ایکس چینج کے قواعد میں ترمیم کردی ہے۔ ترمیم شدہ قوائد کے تحت بروکروں کے نَیٹ کیپٹل بیلنس (این سی بی)‘ لازمی آڈٹ اور سسٹم آڈٹ کی ذمہ داری صرف ان آڈیٹرز کو سونپی جاسکے گی جو اسٹیٹ بینک کے پینل کی کیٹگری اے یا بی سے تعلق رکھتے ہوں۔

ایس ای سی پی کے اہل کاروں کو بروکرج فرموں کے معائنوں کے دوران متعلقہ قوانین اور قوائد کی خلاف ورزیوں کا پتہ چلا تھا۔

(جاری ہے)

مثلاً این سی بی سے متعلقہ قانونی تقاضوں کی غلط تشریح و تو ضیح کی جارہی تھی ۔ یہ صورت حال سرمایہ کاروں کے مفادات کے لئے خطرنا ک تھی۔ این سی بی کے مبالغہ آمیز اعداد و شمار سے بروکرز کے لئے اپنی مالی حیثیت سے بڑھ کر حصص کی خریداری کے معاملے میں رسک لینا آسان ہوجاتا تھا۔ اس طرح یہ رسک ایکس چینج ٹریڈنگ سسٹم کو منتقل ہوجا تا تھا۔ اس ترمیم سے نہ صرف مبالغہ آمیز این سی بی کا سلسلہ رک جائے گا بلکہ ان سرمایہ کاروں کے مفادات کا تحفظ بھی ہوگا جنہیں غلط معاشی اعداد وشمار سے دھوکہ دیا جاتا تھا۔