جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کا بینک ٹرانزیکشن پر 0.3فیصد ودہولڈنگ ٹیکس فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ

ودہولڈنگ ٹیکس بارے تاجر برادری کا مطالبہ جائز ،برحق ہے ،تاجر برادری کے ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف احتجاجی تحریک کا بھر پور ساتھ دینگے،پروفیسر ابراہیم

ہفتہ 1 اگست 2015 16:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا نے بینک ٹرانزیکشن پر 0.3فیصد ودہولڈنگ ٹیکس فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور اس حوالے سے تاجر برادری کی احتجاجی تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ہفتہ کے روز المرکز اسلامی پشاور میں امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان کی صدارت صوبائی ذمہ داران کا اجلاس منعقد ہوا ۔

اجلاس میں سینئر صوابئی وزیر برائے بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ خان سمیت جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل شبیر احمد خان ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ہدایت اللہ،نائب امراء حکیم عبدالوحید ، ڈاکٹر محمد اقبال خلیل ، مولانا محمد اسماعیل اور معراج الدین خان ایڈووکیٹ، جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات اسراراللہ ایڈووکیٹ، جماعت اسلامی حلقہ قبائل کے امیر اور سابق ایم این اے صاحبزادہ ہارون الرشید اور الخدمت فاوٴنڈیشن کے صوبائی صدر نورالحق بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پارٹی کے انتظامی امور کے علاوہ وفاقی حکومت کی طرف سے بینک ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کے فیصلے سے تاجروں میں پیدا ہونے والی بے چینی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ودہولڈنگ ٹیکس کے حوالے سے تاجر برادری کا مطالبہ جائز اور برحق ہے اور جماعت اسلامی تاجر برادری کی ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف احتجاجی تحریک کا بھر پور ساتھ دیگی۔

اجلاس میں چترال اور صوبے کے دیگر مقامات پر سیلاب کی تباہ کاریوں اور اس حوالے سے الخدمت فاوٴنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا ۔ الخدمت فاوٴنڈیشن کے صوبائی صدر نورالحق نے چترال میں سیلاب زدگان کی امداد کے حوالے سے ہونے والی سرگرمیوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جس پر اجلاس میں اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق 5/ اگست کو سیلاب زدگان سے اظہار یکجہتی اور ان کے مسائل جاننے کے لئے چترال پہنچ رہے ہیں۔