مصیبت میں گھرے سیلاب متاثرین مہمان ہیں ان کو صحت اور خوراک سمیت ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں‘ بلال یاسین

میڈیا کی طر ف سے بہتر سہولیات کی فراہمی اور علاقوں کو محفوظ بنانے کیلئے دی گئی تجاویز پر عمل کرایا جائے گا ‘صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کا کوٹ مٹھن میں ریلیف کیمپ کا دورہ ،امدادی سرگرمیوں اور سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا، اپنی نگرانی میں خیمہ بستی قائم کروائی

ہفتہ 1 اگست 2015 16:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ مصیبت میں گھرے سیلاب متاثرین مہمان ہیں ان کو صحت اور خوراک سمیت ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں، وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر وہ سیلاب متاثرین کو فراہم کردہ سہولیات اور سیلابی پانی کا جائزہ لینے یہاں آئے ہیں،میڈیا کی طر ف سے بہتر سہولیات کی فراہمی اور علاقوں کو محفوظ بنانے کیلئے دی گئی تجاویز پر عمل کرایا جائے گا ۔

انہوں نے یہ بات گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول کوٹ مٹھن میں قائم ریلیف کیمپ کے معائنہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کی مکمل آباد کاری تک چین سے نہیں بیٹھے گی ۔سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مانیٹر کرنے کیلئے وزیر اعظم محمد نواز شریف ، وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف ، صوبائی وزرا ، مسلم لیگ ن کے ورکرز اور ضلعی انتظامیہ فیلڈ میں موجود ہے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے ریلیف کیمپ میں موجودلوگوں سے فراہم سہولیات کے بارے میں استفسار کیا ۔ بلال یاسین نے ریلیف کیمپ میں مزید واش روم قائم کرنے ، مویشیوں کیلئے ونڈا اور فیلڈ ہسپتال میں مردوخواتین ڈاکٹروں کی روزانہ کی بنیاد پر وزٹ کی ہدایات جاری کیں ۔ صوبائی وزیر نے کوٹ مٹھن شہر کے قریب ونگ روڈ اور ریلوے پھاٹک کے نزدیک موجود سیلاب متاثرین میں خیمے ، خشک راشن ، آٹا او ردیگر امدادی سامان تقسیم کیا ۔

انہوں نے ونگ روڈ پر اپنی نگرانی میں خیمہ بستی قائم کرائی ․ صوبائی وزیر نے خیمہ بستیوں میں پانی اور صفائی کے انتظامات کی بھی ہدایات جاری کیں۔ میڈیا کی نشاندہی پرانہوں نے کوٹ مٹھن شہر کو محفوظ کرنے کیلئے بنائے گئے فخر بند کا بھی معائنہ کیا ۔صوبائی وزیر کوبتایاگیاکہ ہائر سکینڈری سکول میں 105 خاندانوں کے 830 افراد اور چھوٹے بڑے 2600 جانور موجود ہیں ۔

افراد میں تین ٹائم کا کھانا جبکہ مویشیوں کو خشک او رسبز چارہ فراہم کیا جا رہاہے ۔ونگ روڈ پر 31 اور ریلوے پھاٹک میں 12خاندان قبائلی رسم و رواج کی وجہ سے الگ مقیم ہیں جس پر صوبائی وزیر نے ان مقامات پر ریلیف کیمپوں کی تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ فخر بند کے معائنہ کے دوران صوبائی وزیر خوراک کو بتایاگیاکہ اس وقت پانچ دریاؤں کا پونے سات لاکھ کیوسک پانی فخر بند مقام سے گزار رہا ہے اور اس میں مزید اضافے کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔

صوبائی وزیر نے مختلف محکموں کے ریلیف کیمپس کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کے جان و مال کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر سینئر ممبر بورڈآف ریونیو ندیم اشرف ، ڈی سی او ظہور حسین ، اے ڈی سی ارشد گوپانگ ، اے سی چودھری مختیاراحمد ، کیمپ انچارج ڈی او پاپولیشن خواجہ محسن رسول اور دیگر متعلقہ افسران موجودتھے ۔

متعلقہ عنوان :