سول سوسائٹی کانیشنل پریس کلب کے باہر دفاعی تجزیہ نگار زید حامد کے حق میں پر امن مظاہرہ

ہفتہ 1 اگست 2015 15:09

سول سوسائٹی کانیشنل پریس کلب کے باہر دفاعی تجزیہ نگار زید حامد کے حق ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) پاکستان سول سوسائٹی کی جانب سے ہفتہ کو نیشنل پریس کلب کے باہر پاکستانی سکالر اور دفاعی تجزیہ نگار زید حامد کے حق میں پر امن مظاہرہ ہوا۔ سول سوسائٹی کے افراد کا کہنا تھا کہ زید حامد کو سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ابھی تک ان پر کوئی بات واضع نہیں ہو سکی، زید حامد کو جلد از جلد رہا کیا جائے نہیں تو ہم ملک گیر احتجاج کریں گے، زید حامد ایک محب وطن پاکستانی سکالر اور دفاعی تجزیہ نگار ہیں اور افواج پاکستان کیلئے مسلسل دفاع بھی کرتے رہے ہیں ۔

انہوں نے نہ صرف نئی نسل میں علامہ اقبال کے پیغام کو اجاگر کیا ہے بلکہ میڈیا میں افواج پاکستان کا مسلسل دفاع بھی کرتے رہے ہیں۔ اے ٹی آئی کے ناظم ،شہیر سیالوی نے اس موقع پر کہا کہ زید حامد کی پاکستان کیلئے ان گنت خدمات ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کشمیر اور فلسطین سے لے کر امت کے ہر مسئلے کیلئے آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اگلے ماہ تک ان کی رہائی عمل میں نہ آئی تو تمام طلباء تنظیمیں زید حامد کی رہائی کیلئے ایک ملک گیر تحریک چلائیں گی۔

سول سوسائٹی کے نمائندے بلال حسن نے کہا کہ زید حامد ایک محب وطن پاکستانی ہیں اور ہماری پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف صاحب سے درخواست ہے کہ زید حامد کو جلد پاکستان واپس لایا جائے۔ سبدہ قدسیہ مشہدی نے کہا کہ زید حامد نے ہی خوارج کے بارے میں احادیث کو پھیلایا اور عوام کو ٹی ٹی پی خوارج کے بارے میں آگہی اور شعور دیا جس کی وجہ سے افواج پاکستان کے آپریشن ضرب عضب کی راہ ہموار ہوئی۔

زید حامد نے ہمیشہ امت مسلمہ کے اتحاد کی بات کی اور فرقہ پرستی کے خلاف آواز اٹھائی۔ وہ پاکستان کا اثاثہ ہیں اور انہیں وطن واپس لے کر آنا چاہیے۔ اس موقع پر مظاہرین نے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر قرآنی آیات اور علامہ اقبال کے اشعار کے ساتھ ساتھ جنرل راحیل اور جنرل رضوان سے اپیل کی گئی تھی کہ زید حامد کو وطن واپس لایا جائے۔ احتجاج کرنے والوں کا کہنا ہے کہ انہیں حکومت سے کوئی امید نہیں اس لئے افواج پاکستان زید حامد کو فوراً پاکستان واپس لے کر آئیں۔