سردار مشتاق کی شمولیت سے ہری پور میں مسلم لیگ(ن) مضبوط ہو گی، ہریپور کے تمام مسائل حل کریں گے

وزیراعظم نواز شریف سے سابق رکن قومی اسمبلی سردار محمد مشتاق کی ملاقات، مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان

ہفتہ 1 اگست 2015 15:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے سابق رکن قومی اسمبلی سردار مشتاق کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی شمولیت سے ہری پور میں مسلم لیگ(ن) مضبوط ہو گی،ضلع ہریپور کے تمام مسائل حل کریں گے۔ ہفتہ کو وزیراعظم نواز شریف سے سابق رکن قومی اسمبلی سردار محمد مشتاق نے ملاقات کر کے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

ملاقات میں مسلم لیگ(ن) خیبرپختونخوا کے صدر پیر صابر شاہ ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی، رکن قومی اسمبلی کیپٹن(ر)محمد صفدراور وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی بھی موجود تھے۔ سردار محمد مشتاق ضلع ہری پور سے دو مرتبہ صوبائی اسمبلی کے رکن اور صوبائی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

سردار محمد مشتاق نے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے این اے 19کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ(ن) کی بھرپور حمایت کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم نواز شریف نے سردار مشتاق کی مسلم لیگ(ن)میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی شمولیت سے ہری پور میں مسلم لیگ(ن) مضبوط ہو گی،ضلع ہریپور کے تمام مسائل حل کریں گے۔ سردار محمد مشتاق نے ضلع ہری پور کے ترقیاتی امور سے بھی وزیراعظم نواز شریف کو آگاہ کیا۔