وزیراعظم مسئلہ کشمیر پر مشاورت اور متفقہ لائحہ عمل طے کرنے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے، جس پاکستان اور آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں سمیت کل جماعتی حریت کانفرنس کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائے گا، مسئلہ کشمیر کو عالمی تنازع اور حق خود ارادیت کا مقدمہ کی دو بنیادیں ہیں، ایک کشمیریوں کی الحاق پاکستان کی قرار داد اور دوسری اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرار داد، دونوں قرار دادوں کی منظوری میں آزاد کشمیر کے بانی صدر غازی ملت سردار ابراہیم خان کا کردار سب سے اہم تھا، آزادی کشمیر اور تحریک تکمیل پاکستان میں سردار ابراہیم کا کردار تاریخ کا سنہری باب ہے

سینیٹ میں قائد ایوان اور مسلم لیگ(ن) کے چیئرمین راجہ محمد ظفر الحق کاآزاد کشمیر بانی صدر کی برسی کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 1 اگست 2015 15:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) سینیٹ میں قائد ایوان اور مسلم لیگ(ن) کے چیئرمین راجہ محمد ظفر الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم مسئلہ کشمیر پر مشاورت اور متفقہ لائحہ عمل طے کرنے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے، جس پاکستان اور آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں سمیت کل جماعتی حریت کانفرنس کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائے گا، مسئلہ کشمیر کو عالمی تنازع اور حق خود ارادیت کا مقدمہ کی دو بنیادیں ہیں، ایک کشمیریوں کی الحاق پاکستان کی قرار داد اور دوسری اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرار داد، دونوں قرار دادوں کی منظوری میں آزاد کشمیر کے بانی صدر غازی ملت سردار ابراہیم خان کا کردار سب سے اہم تھا، آزادی کشمیر اور تحریک تکمیل پاکستان میں سردار ابراہیم کا کردار تاریخ کا سنہری باب ہے۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز یہاں نیشنل پریس کلب میں آزاد کشمیر کے بانی صدر کی برسی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ برسی کی تقریب سے پاکستان کے اقوام متحدہ میں سابق مستقل نمائندے اور سلامتی کونسل کے سابق صدر مسعود احمد خان، سابق سینیٹر سردار سلیم خان، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی، قانون ساز اسمبلی کی رکن بیگم شمشاد عزیز، آزاد کشمیر کے سابق وزیر تعمیرات کرنل(ر)نسیم، جے کے پی پی کے سابق صدر سید نشاط کاظمی، سپریم کورٹ کے وکیل سردار اسحاق خان، جے کے پی پی کے صدر جسٹس(ر) سردار نواز خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

راجہ ظفر الحق نے کہا کہ حکومت پاکستان جلد کشمیر کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بلائی گئی، جس میں کشمیری قیادت بھی موجود ہو گی، بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ گھناؤنا سلوک کیا جا رہا ہے،مودی نے بھارت کے مسلمانوں کو انسانوں کی صف میں سے ہی نکال دیا ہے، غازی ملت سردار ابراہمی خان ہمہ گیر شخصیت تھے، تحریک آزادی کشمیر میں ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، سردار ابراہیم کشمیریوں کے حقیقی لیڈر تھے، سلامتی کونسل میں الحاق پاکستان کی قراردادیں انہیں کی مرہون منت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل بنانے کا مقصد ہی یہی تھا کہ عوام کو حق رائے دہی دیا جائے، مسئلہ کشمیر پر ساری قراردادیں یہ ثابت کرتی ہیں کہ کشمیری پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں، سابق صدر پرویز مشرف نے کشمیر کاز کونقصان پہنچایا، اب ہمارا یہ فرض ہے کہ کشمیریوں کی عزت بحال کریں، سلامتی کونسل کو بھی یہی چاہیے کہ وہ پیش ہونے والی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو کشمیر کی عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرے۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے قرار دادوں کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی مگر سردار محمد ابراہیم کی کوششوں سے ان کو تبدیل نہیں کیا جا سکا، پاکستان اور کشمیریوں کو اپنا راستہ ایک رکھنا ہے، اپنی منزل ایک رکھنی ہے اور وہ کشمیر کی آزادی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعود احمد خان نے کہا کہ انڈیا مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی نواز حکومت بنانے کی کوشش کر رہا ہے اور بھارت کی جانب سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو سلب کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے، جماعت اسلامی کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ایک ایسا ضابطہ کار بنانا چاہیے جس سے کشمیریوں کی محرومیوں کا ازالہ ہو، سردار محمد ابراہمی کی رہنمائی نے تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونک دی وہ کشمیر کی تحریک کے ہی نہیں بلکہ تحریک پاکستان کے بھی بانی لوگوں میں سے تھے۔