گرفتار پاکستانی خاتون چندا بی بی کو بغیر ثبوت جاسوس قرار دینا درست نہیں،دفتر خارجہ

ہفتہ 1 اگست 2015 14:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کے شہر جالندھر میں پاکستانی خاتون چندا بی بی کو بغیر ثبوت جاسوس قرار دینا درست نہیں ،بھارتی حکام نے چندا بی بی سے متعلق تاحال معلومات فراہم نہیں کیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روز ترجمان دفتر خارجہ خلیل اللہ قاضی نے کہا ہے کہ نئی دہلی میں موجود پاکستانی ہائی کمشنر گرفتار پاکستانی خاتون چندا بی بی سے متعلق تفصیلات کے حصول کے لئے بھارتی وزارت خارجہ سے مسلسل رابطے میں ہیں اور تفصیلات معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاہم ابھی تک بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے پاکستانی ہائی کمیشن کو کسی قسم کی کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں،ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے گرفتار پاکستانی خاتون چندا بی بی کو جاسوس قرار دیئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہا کہ بغیر ثبوت اور شواہد کے پاکستانی خاتون کو جاسوس قرار دینا مناسب نہیں ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے شہر جالندھر میں پاکستانی خاتون چندا بی بی درگاہ پر ماموں کے ہمراہ حاضری دینے آئی تو رش اور دھکم پیل میں ماموں سے بچھڑ گئی اس دوران پولیس نے پاکستانی خاتون چندا بی بی کو گرفتار کر لیااور2 روز ہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر کے تفتیش شروع کردی،بھارتی تفتیشی انسپکٹر سرتاج مسنگ نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ کیس سنگین نوعیت کا ہے ،ملزمہ سے تفتیش جاری ہے ،تفتیش مکمل ہونے تک حقائق میڈیا کے سامنے نہیں لائے جا سکتے ۔

متعلقہ عنوان :