ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف تاجر ڈٹ گئے، ملک بھر کی مارکیٹیں اور بازار بند، حکومت ہڑتال اور احتجاج روکنے میں ناکام

ہفتہ 1 اگست 2015 14:43

ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف تاجر ڈٹ گئے، ملک بھر کی مارکیٹیں اور بازار بند، ..

لاہور/ اسلام آباد / کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) ودہولڈنگ ٹیکس کا معاملہ دن بدن گمبھیر ہوتا جا رہا ہے۔ حکومت اور تاجر دونوں میں سے کوئی فریق بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ دوسری جانب ملک بھر میں تاجروں نے شٹر ڈ اؤن ہڑتال کا اعلان کر رکھا تھا جس کی وجہ سے ملک بھر کی مارکیٹیں اور بازار صبح سے ہی بند ہیں، تاجروں نے پانچ اگست کو بھی ہڑتال کی کال دے رکھی ہے، ملک بھر کے بازاروں اور مارکیٹوں میں تاجروں نے احتجاجی بینرز بھی آویزاں کر رکھے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی تاجر برادری بینکوں کے ذریعے لین دین پر عائد ٹیکس کے خلاف آج ہڑتال کررہی ہے۔ اس سلسلے میں شہربھر کی مارکیٹیں بند ہیں اور زبردست شٹر ڈاؤن دیکھنے میں آ رہا ہے۔ لاہور میں بھی گزشتہ روز ہڑتال کے حوالے سے ہال روڈ پر تاجروں کا اجلاس ہوا جس میں لاہور بھر کی مارکیٹوں کے تاجر رہنماوں نے شرکت کی اور اعلان کیا کہ لاہور بھر کی تمام مارکیٹیں کل مکمل طور پر بند رہیں گی۔

(جاری ہے)

لاہور کی مارکیٹیں اور بازار آج صبح سے ہی مکمل طور پر بند ہیں اور کاروبار زندگی ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔ آل پاکستان انجمن قومی تاجر اتحاد کے جنرل سیکرٹری نعیم میر نے تاجروں کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ہونے والی ہڑتال ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہو گی اورہر چھوٹا بڑا تاجر اس میں شامل ہو گا۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے حقوق کیلئے پرامن ہڑتال کریں گے۔ اگر حکومت نے ان کے مطالبات نہ مانے تو وہ آج کو اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔دوسری جانب سندھ تاجر اتحادیکم اگست اور کراچی تاجر اتجاد 5 اگست کی ہڑتال کی حمایت کررہے ہیں۔ آل کراچی تاجر اتحاد کے صدرعتیق میر نے کہا ہے حکومت تاجروں کو مسائل میں پھنسا رہی ہے۔

کراچی کے تاجروں سے اڑسٹھ فیصد ٹیکس لیا جاتا ہے۔ حکومت تاجروں کا معاشی قتل کر رہی ہے جو بند ہونا چاہیے۔ حکومت نے تاجروں کو مثبت جواب نہیں دیا۔راولپنڈی میں بھی آج تاجر برادری ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف ہڑتال کر رہی ہے۔ اسلام آباد میں بھی ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف آل پاکستان انجمن تاجران نے شٹرڈاون ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔ فیصل آباد میں ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف انجمن تاجران نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کر رکھی ہے۔

فیصل آباد کے آٹھوں بازار اور تمام تجارتی مراکز بند کر کے حکومت کی اس پالیسی کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ملک بھر کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی تاجرتنظیمیں ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف شٹرڈاؤن ہڑتال کیلئے متحد ہوگئی ہیں اور خیبرپختونخوا کی تمام تاجر تنظیموں نے ہر حال میں ہڑتال کو کامیاب بنانے کیلئے ایکا کرلیا ہے۔ پشاور کے تمام چھوٹے بڑے تجارتی مراکز کے تاجروں کا کہنا ہے کہ ود ہولڈنگ ٹیکس واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کردیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :