بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نیویارک میں ستمبر میں پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے ملاقات کر سکتے ہیں ‘ بھارتی اخبار

ہفتہ 1 اگست 2015 14:16

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) بھارتی اخبار” اکنامک ٹائمز“ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نیویارک میں ستمبر میں پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے ملاقات کر سکتے ہیں۔اخبار لکھتا ہے کہ بھارت اور پاکستان نیو یارک میں رواں برس ستمبر میں وزرائے اعظم نریندر مودی اور نواز شریف کے درمیان ممکنہ ملاقات کے بعداہم معاملات پر باضابطہ مذاکرات کے آغاز کا امکان ہیں۔

ستمبر میں دو نوں وزرائے اعظم کے دمیان ملاقات اور باضابطہ مذاکرات( اسٹرکچرڈ ڈائیلاگ )کے آغازکا انحصارقومی سلامتی کے مشیروں ( این ایس اے) کی سطح کے مذاکرات کے ساتھ ساتھ بی ایس ایف اور پاکستان رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل کے مابین مذاکرات کی کامیابی پر ہے جن پراوفا میں مودی اور نواز شریف کے درمیان ملاقات میں اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

اخبار کے مطابق با ضابطہ مذاکرات شروع کرنازیادہ آسان ہے ‘اوفا میں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی ملاقات کے بریک تھروکے بعد دونوں اطراف سے بیانات کے سلسلے نے ماحول خراب کردیا جن میں سرحد پر فائرنگ کے واقعات اوردہشت گردانہ حملوں میں ملوث کے الزامات شامل ہیں۔

اخبار کے مطابق حکام نے بتایا کہ حملو ں کا مقصد اگست میں دہلی میں پہلے سے طے قومی سلامتی کے مشیروں ( این ایس اے) کی سطح کے مذاکرات کو خراب کرنا ہے۔پاکستان میں کچھ طاقتیں نوازشریف کی امن کوششوں کی مخالف ہیں۔حکومت پہلے ہی واضح کرچکی ہے کہ اے کے ڈوول اور سرتاج عزیز کے درمیان مذاکرات ہوں گے۔ حکام نے بتایا کہ اس سلسلے میں کوئی بھی رکاوٹ تعلقات کو معمول پر لانے کے عمل کو پٹری سے اتاردے گی۔خدشات موجود ہیں کہ دہشت گرد گروہ اور دیگر عناصر مفاہمت کے عمل میں خلل ڈالنے کی کوشش کر سکتے ہیں ۔