Live Updates

پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کی تحاریک کی مخالفت کریگی ‘خورشید شاہ

ہفتہ 1 اگست 2015 14:16

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کی تحاریک کی مخالفت کریگی ‘پیپلز پارٹی نے اسمبلی میں عمران خان کا نہیں جمہوریت کا ساتھ دیا ہے ‘پیپلز پارٹی تاجر برادری سمیت جائز مطالبہ کر نے والے ہر طبقے کی حمایت کرتی ہے ‘ حکومت کی جانب سے ٹیکس لگانا ٹھیک نہیں ہے ہفتہ کو یہاں سکھرکے قریب علی باہن بند کے دورے کے موقع پرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اسمبلی میں عمران خان کا نہیں جمہوریت کا ساتھ دیا ہے اور ملک میں جمہوریت کی ہی جیت ہونی چاہئیان کی جماعت قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کی تحاریک کی مخالفت کریگی۔

(جاری ہے)

تاجربرادری کی ہڑتال سے متعلق انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی تاجربرادری سمیت ہراس طبقے کی حمایت کرتی ہے جس کا مطالبہ جائزہو ‘حکومت کی جانب سے ٹیکس پرٹیکس لگانا ٹھیک نہیں، حکومت کو چاہیے کہ وہ تجارت دشمن اقدامات کے بجائے نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرے۔ خورشید شاہ نے کہاکہ کچے کے علاقے کے لوگوں کو پیشگی وارننگ دی گئی تھی تاہم کچے کے مکین متاثرہ علاقوں سے نکلنا نہیں چاہتے ہیں، سیلاب متاثرین کوضروری اشیا فراہم کی جارہی ہیں تاہم یہ ایسا سیلاب نہیں ہے جس پر ہمیں بیرونی امداد کی ضرورت ہو، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو سندھ میں بھی سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کرنے چاہیے سندھ میں ابھی سیلاب کیفیت ہے، اس صورت حال میں عوام، صوبائی حکومت اور سرکاری انتظامیہ مصروف ہے اس لئے وہ سمجھتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات کو دو تین ماہ کیلئے ملتوی کردیئے جائیں تو کوئی حرج نہیں انہوں نے کہاکہ سندھ میں سیلابی صورتحال میں تمام ادارے،سرکاری مشینری اور سیاستدان مصروف ہیں، ایسی صورتحال میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے ۔

خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف پورے ملک کے وزیراعظم ہیں سندھ میں صورتحال اتنی خراب نہیں ہے اگر ایسی صورتحال ہوئی تو وہ ضرور آئیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات