ڈپٹی چیئرمین سینیٹ جے یو آئی جموں وکشمیر ہٹیاں بالا کے کنونشن میں چناری پہنچ گئے، شیخ الحدیث مولانا محمد الیاس کی عیادت، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

زمین پراللہ کانظام چاہتے ہیں ،خیبر تا کراچی ‘ گلگت بلتستان ،کشمیرمیں اس کیلئے جدوجہد کررہے ہیں ،مولاناعبدالغفور حیدری

ہفتہ 1 اگست 2015 14:03

مظفر آباد /چناری (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری جمعیت علماء اسلام جموں وکشمیر ضلع ہٹیاں بالا کے کنونشن میں چناری پہنچ گئے ‘ شیخ الحدیث مولانا محمدالیاس کی عیادت ‘ سخت سیکورٹی کے حفاظتی انتظامات ‘ جگہ جگہ کارکنوں کا والہانہ استقبال ‘ہٹیاں بالا کی سیاسی صورتحال بدلنے لگی ‘ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شام جمعیت علماء اسلام جموں وکشمیر ضلع ہٹیاں بالا کے کنونشن میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ اسلامی جمہوریہ پاکستان مولانا عبدالغفورحیدری بطورمہمان خصوصی شریک ہوئے ان کے ہمراہ امیرجمعیت علماء اسلام جموں وکشمیر مولاناسعید یوسف سمیت درجنوں مرکزی قائدین وکارکنان تھے ڈپٹی چیئرمین جب ضلع ہٹیاں بالا کے حدود میں داخل ہوئے وہ کنیناں کے مقام پر جے یو آئی کے کارکنوں نے خوش آمدید کہا ‘ اوراستقبال کیا ‘ چٹھیاں ‘ سراں ‘ دھنی بکالاں ‘ ہٹیاں بالا ‘ نیلی ‘ ساؤن گچھہ میں بھی زبردست استقبال ‘ چناری بازار خیرمقدمی بینروں اورجمعیت کے پرچموں سے دلہن کی طرح سجایاگیاتھا ‘ چناری میں امیرجمعیت علماء اسلام ضلع ہٹیاں بالا مولاناحسین احمدحسان سابق امیدواراسمبلی مولانامحمدالطاف بٹ نے اراکین وزعما کے ہمراہ استقبال کیا اورایک جلوس کی شکل میں کنونشن میں لے گئے ‘ کنونشن سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے آج یہ دیکھ کرخوشی ہوئی کہ چند گھنٹوں کے نوٹس پر جے یو آئی ہٹیاں بالا میں اتنا بڑا کنونشن کردکھایا اور یہ مولانا الیاس کے چاہنے والوں کا مرکز ہے ‘ جمعیت علماء اسلام اللہ کی زمین پراللہ کانظام چاہتی ہے اس کے لئے خیبر تا کراچی ‘ گلگت بلتستان اورکشمیرمیں جدوجہد کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ 1973ء کاآئین جمعیت کے منشورکے عین مطابق ہے اور یہ اسلامی آئین ہے اُس وقت پارلیمنٹ کے اندر اکثریت نیشنلسٹ اور سوشلسٹ کی تھی لیکن علماء کی قربانیوں کی وجہ سے یہ اسلامی آئین پاکستان کوملا ہم اس آئین کے محافظ بھی ہیں اور داعی بھی ‘ اگر آئین پرعمل ہوتا آج عمران خان جیسے لوگ اسمبلیوں میں ہرگزنہ ہوتے کیونکہ 73ء کاآئین صوم و صلواة کے پابند اور گناہ کبیرہ سے بچنے والوں کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دیتاہے ،انہوں نے تحریک انصاف کی قیادت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کل تک جولوگ مسلم لیگ ‘ اے این پی ‘ پیپلزپارٹی اور جنرل مشرف کے ساتھ کرپٹ تھے آج وہ عمران خان کے ساتھ ملکر پاک دامن کیسے ہوگئے ملک کو رقص و سرور کی محافل سجانے والوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا ، انہوں نے کشمیری قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر کی آزادی کیلئے ضروری ہے کہ آر پار کشمیری قیادت متحد و متفق ہو ‘انتشار ہرگز کامیابی کی علامت نہیں ‘ قوم متحد ہوئی ملک کوآئین ملا ‘ جب قوم متحد ہوگی کشمیر بھی آزاد ہوگا اورملک کے تمام بحران ختم ہوں گے ‘

ہمارا دل کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے سات لاکھ ہندوستان کی افواج نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں یہ معاملہ سینٹ بھی اٹھائیں گے انہوں نے جے یو آئی ہٹیاں بالا کے تمام مطالبات کوتسلیم کرتے ہوئے کہاکہ آمدہ سال الیکشن جمعیت علماء اسلام جموں وکشمیرکو پارلیمانی قوت بنانے کے لئے جے یو آئی پاکستان حضرت مولانافضل الرحمن کی قیاد ت میں تمام وز راء ‘ سینیٹرز ‘ ایم این ایز ‘ ایم پی ایز کے ساتھ جے یو آئی کے امیدوار اسمبلی کے ساتھ الیکشن مہم چلائے گی علماء کرام جمعیت کے کارکنان جمعیت کے پیغام کوگھرگھرپہنچائیں ‘ علاقہ ‘ برادری یا چھوٹے چھوٹے مفادات کوئی معنی نہیں رکھتے نظریات کو ترجیح دی جائے جو لوگ علاقہ ‘ برادری یا مفادات کی وجہ سے ووٹ لیتے ہیں الیکشن کے دوماہ بعد ہی اقرار کرتے ہیں کہ ہمارے ساتھ دھوکہ ہوا ‘جمعیت کی قیادت کوئی کھوکھلا نعرہ یا دھوکہ دہی نہیں کرے گی ‘ امیرجمعیت علماء اسلام مولاناسعید یوسف نے اپنے خطاب میں جے یو آئی ہٹیاں بالا کو خراج تحسین پیش کیااورکارکنان کی بڑی حاضری کو تبدیلی کا پیش خیمہ قراردیا انہوں نے مولانا عبدالغفور حیدری کو چناری آمد پرخوش آمدید کہتا اورکارکنان کو آمدہ الیکشن کی تیاری کا حکم دے دیااور کہاکہ آج سے آمدہ الیکشن تک کشمیر کے چپہ چپہ ‘ کونہ کونہ ‘ گھرگھر جمعیت کے پیغام کو پہنچائیں گے کارکنان اپنی نیندوں کو قربان کریں اللہ کی رضا کیلئے اوربیس کیمپ کے اندراسلامی نظام حکومت کے لئے جمعیت کے ہاتھوں کو مضبوط کریں انہوں نے شیخ الحدیث مولانامحمدالیاس کی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا ،اس موقع پر سابق امیدواراسمبلی حلقہ ایل اے 28مولانا محمدالطاف بٹ نے کہاکہ تاریخ میں پہلی بار ضلع ہٹیاں میں بڑی شخصیات کی آمد کو آج جمعیت کے کارکنان کے حوصلے کوہ ہمالیہ سے بلند ہوگئے ہم منتظرتھے مرکزی قیادت ہماری پشت بان بنے اورہم سامان ضرب وحرب کے ساتھ میدان عمل میں اتریں ہمیں 68سال میں دھوکوں میں رکھاگیا عوام کااستحصال کیاگیا ہمارے ہاتھ میں پرچم نبوی ہے کامیابی جے یو آئی کامقدر بنے گی ،امیرجمعیت علماء اسلام ضلع ہٹیاں بالا مولاناحسین احمد حسان نے مولانا عبدالغفور حیدری ‘ مولانا سعید یوسف سمیت تمام مرکزی قائدین کا کنونشن آمد پر شکریہ اداکیا اورمولانا محمدالیاس کی عیادت اورملاقات پر اظہارتشکر ‘ ضلع ہٹیاں بالا کے مذہبی حلقوں اور عوام علاقہ کی مشکلات سے آگاہ بھی کیا کنونشن سے مولانا قاری افضل خان ‘ مولانامعروف ‘ مولانامختیار ‘ پروفیسرالطاف حسین صدیقی ‘ پروفیسر نذیر جاوید ‘ اخلاق بٹ ‘ مولانارشید احمد ‘ مولانا مصباح الحق ‘ خواجہ نذیراحمدشال ‘ خواجہ امتیاز ‘ راجہ بشارت داؤد ‘ فاروق رئیسانی ‘ مولانا گل احمد حیدری ‘ مولانا ناصر ‘ مولاناخورشید ‘ حافظ عبدالشکور ‘ قاری رشید احمد ‘ عنصرمغل ‘ محب المرتضیٰ ‘ مولانافرید احمد ‘ مولانا عبدالوحید کھوکھرسمیت چکار ‘ چناری ‘ چکوٹھی ‘ پانڈو ‘ کھلانہ ‘سینادامن ‘ ہٹیاں بالا ‘ سراں ‘ چٹھیاں کے کارکنان نے خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :