سول ایوی ایشن نے فضائی مسافروں کیلئے مختلف ٹیکسوں میں اضافہ کر دیا

ہفتہ 1 اگست 2015 12:27

سول ایوی ایشن نے فضائی مسافروں کیلئے مختلف ٹیکسوں میں اضافہ کر دیا

اسلام آبا( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء ) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فضائی مسافروں کے لیے مختلف ٹیکسوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ جن مسافروں نے پرانی شرح سے ٹکٹ خریدے ہیں، انہیں ایئرپورٹ پر اضافہ شدہ ٹیکس دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

نئے ٹیرف کے مطابق فرسٹ اور بزنس کلاس کے بین الاقوامی مسافروں سے ایمبارکیشن فیس کی مد میں 3000روپے، اکانومی کلاس کے بین الاقوامی مسافروں سے 1500روپے، اندرون ملک سفر کرنے والوں سے 500روپے وصول کئے جائیں گے، جبکہ ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اکانومی کلاس کے بین الاقوامی مسافروں سے 2000روپے ایمبارکیشن فیس وصول کی جائے گی اور گورنمنٹ ایئرپورٹ ٹیکس 20روپے فی مسافر اس کے علاوہ ہوگا۔

اس کے علاوہ تمام بین الاقوامی مسافروں سے سیکیورٹی ٹیکس کی مد میں 1030روپے اور اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں سے 100روپے مزید وصول کیے جائیں گے۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فضائی کمپنیوں سے لینڈنگ چارجز میں بھی 25فیصد اضافہ کیا ہے۔