بارشوں سے ممکنہ سیلاب کے خطرات سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری تیاری کی جائے، کمشنر نصیر آباد ڈویژن

کمشنر کی ہدایات کے بعد ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنروں نے حفاظتی واحتیاطی تدابیر کے حوالے سے تیاریاں مکمل کرلی ہیں

جمعہ 31 جولائی 2015 23:02

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء ) بلوچستان میں مون سون کی امکانی بارشوں کے امکانات کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے بعد صوبائی حکومت کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں کمشنر نصیر آباد ڈویژن نوید احمد شیخ نے ڈپٹی کمشنروں و متعلقہ آفیسران کو ہدایات جاری کردی ہے کہ وہ بارشوں سے ممکنہ سیلاب کے خطرات سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری تیاری کریں اس حوالے سے ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنروں نے حفاظتی واحتیاطی تدابیر کے حوالے سے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

اور تمام محکموں خاص کر ایریگیشن ، ہیلتھ، بی اینڈ آراور پی ایچ ای کو کہاگیا ہے کہ وہ اپنی مشینری کو تیار حالت میں رکھیں جبکہ محکمہ ہیلتھ کو کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ادویات کو وافر مقدار میں ذخیرہ کریں اس طرح پی ایچ ای کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ تالابوں میں زیادہ سے زیادہ پانی کو اسٹور کریں بارشوں و سیلاب کی صورتحال سے آگاہ رہنے کیلئے ضلع کے ڈی سی آفس میں کنٹرول روم قائم کیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ نصیر آباد ڈیژن میں دو طرح کے سیلاب آتے ہیں ایک بارشوں سے جو لہڑی و پہاڑی علاقوں سے بہتا ہے جبکہ دوسرا دریائی پانی سے دریائی صورتحال معلوم کرنے کیلئے کشمور میں تعینات بریگیڈ سے ڈپٹی کمشنر جعفر آباد و ایریگیشن کے آفیسران ہمہ وقت رابطے میں رہتے ہیں ان کے علاوہ پولیس کنٹرول کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ تمام صورتحال سے ہر آدھے گھنٹے بعد کمشنر آفس میں قائم کنٹرول روم جو کہ24گھنٹے کھلا ہے مسلسل آگاہ کرتے رہیں واضح رہے کہ اس حوالے سے گذشتہ دنوں کمشنر نصیر آباد کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس معقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنروں کے علاوہ ضلعی و ڈویژنل آفیسران کے علاوہ فوج
کے آفیسران نے بھی شرکت کی تھی۔

مذکورہ اجلاس میں بارشوں سے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے و ان سے بچاؤ سمیت تمام احتیاطی تدابیر پر غور کیاگیا اور اہم فیصلے کئے گئے تھے ان میں ایک یہ فیصلہ بھی ہوا کہ بارشوں کے پانی و دیگر چینلز سے آنے والے پانی کو روکنا نہیں چاہئے بلکہ اسے بغیر کسی رکاوٹ کے بہنے دیا جائے اس حوالے سے نصیر آباد ڈویژن میں تعمیر کئے گئے بندوں کے علاوہ ریلوے ٹریک سڑک کے پلوں کو بھاری مشینری کے ذریعے صاف کیاگیاہے تاکہ آنے والا پانی جمع ہونے کی بجائے بغیر کسی نقصان کے آبی گذر گاہوں روڈ اور ریلوے ٹریک کے پلوں سے گذر جائے ۔

متعلقہ عنوان :