سیلاب متاثرین کی مدد اور انہیں ریلیف کی فراہمی کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں،شہبازشریف

وزیراعلیٰ کی پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر کوامدادی سرگرمیوں کے لئے راجن پور بھجوانے کی ہدایت سیلاب متاثرین کو بروقت تین وقت کا کھانا ملنا چاہیے،امدادی سرگرمیوں میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی آئندہ دنوں کے دوران موسم کی صورتحال کو پیش نظر رکھ کر تمام تیاریاں مکمل رکھی جائیں ، وزیراعلیٰ کی ہدایت

جمعہ 31 جولائی 2015 22:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد اور انہیں ریلیف کی فراہمی کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں-اس ضمن میں کابینہ کمیٹی برائے فلڈاور متعلقہ ضلعی انتظامیہ سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فعال اور متحرک کردارادا کرے -یہ ہدایت وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے آج یہاں ویڈیولنک کے ذریعے کابینہ کمیٹی برائے فلڈکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جاری کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران سیلاب متاثرہ علاقوں میں سیلابی پانی کی صورتحال ،حفاظتی انتظامات او رامدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ دنوں کے دوران موسم کی صورتحال کو پیش نظر رکھ کر تمام تیاریاں مکمل رکھی جائیں-وضع کردہ پالیسی کے تحت فیصلے کئے جائیں اور فوری اقدامات اٹھائے جائیں -جہاں اب بھی سیلاب کا خطرہ موجود ہے ان علاقوں میں لوگوں کا 100فیصد انخلا یقینی بنایا جائے -وزیراعلیٰ نے پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کو امدادی سرگرمیوں کے لئے راجن پور بھجوانے کی ہدایت کی اور کہاکہ سیلاب متاثرین کو بروقت تین وقت کا کھانا ملنا چاہیے-امدادی سرگرمیوں میں کوئی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی-انہوں نے کہاکہ متاثرین کے لئے جتنے بھی ٹینٹس چاہئیں فی الفور بھجوائیں گے - صوبائی وزیر کرنل (ر) شجاع خانزادہ ،چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل،ایم پی اے زعیم حسین قادری،انسپکٹر جنرل پولیس ، سیکرٹری داخلہ ، کمشنر لاہور ڈویژن اورمتعلقہ حکام نے سول سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی شیر علی گورچانی ، صوبائی وزیر یاور زمان ،سینئرممبر بور ڈ آف ریونیو،سیکرٹری آبپاشی راجن پور سے، جبکہ کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن،آرپی او ڈی جی خان کی ڈی جی خان ڈویژن سے اور کمشنر راولپنڈی ،ڈی سی او اور ڈی جی محکمہ موسمیات کی راولپنڈی سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔

متعلقہ عنوان :