اے این ایف حکام نے 5 کروڑ 85لاکھ روپے مالیت کی کوکین ، ہیروئن اور مئیتھامفیٹامائن برآمد کر لی

فلپائنی خاتون سمیت 4 ملزمان گرفتار

جمعہ 31 جولائی 2015 21:58

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء )اے این ایف حکام نے 5 مختلف کارروائیوں کے دوران پانچ کروڑ پچاسی لاکھ روپے مالیت کی کوکین ، ہیروئن اور آئس (مئیتھامفیٹامائن) برآمد کر لی،ایک فلپائنی خاتون سمیت 4 ملزمان کو گرفتارکر لیاگیا، ایک گاڑی قبضے میں لے لی گئی،ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے ،جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔

واقعات کے مطابق، اے این ایف اے این ایف راولپنڈی ائرپورٹ ٹیم نے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ پر واقع کارگو شیڈ سے مہندی کی پلیٹوں پر مشتمل سامان کو قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 1.20 کلو گرام ہیروئن برآ مد کر لی۔ مذکورہ سامان میر پور آزاد کشمیر سے بک کرو ایا گیا تھا برطانیہ بھجوایا جا رہا تھا،اے این ایف راولپنڈی ائیر پورٹ ٹیم نے اے ایس ایف کے تعاون سے بینظیر انٹرنیشنل ائرپورٹ پر کاروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ مسافر سید جہانگیر کو حراست میں لے کر 250 گرام آئس (میتھ ایمفیٹامائن) برآمد کر لی، جو کہ مٹھائی کے ڈبے میں چھپا کر اسمگل کی جا رہی تھی۔

(جاری ہے)

ملزم سعودی ائرلائن کی پرواز نمبر SV-719 سے ریاض روانہ ہونا چاہتا تھا،اے این ایف راولپنڈی کی گلگت ٹیم نے ڈریم لینڈ ہوٹل، قراقرم ہائی وے، سوست کے قریب کاروائی کرتے ہوئے ایک مقامی منشیات اسمگلر کو گرفتار کر لیا اور اسکے قبضے سے 300 گرام چرس برآمد کر لی،اے این ایف کراچی روڈ چیک ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے سپر وزیرستان ہوٹل، حب ریور روڈ، کراچی کے قریب ایک ٹیوٹا کرولا کار نمبر AUZ-728کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں سے 4 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

گاڑی میں سوار قلہ عبداﷲ کے رہائشی عبداﷲ نامی ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔ اطلاعات کے مطابق ملزم منشیات کراچی میں کسی مقامی منشیات فروش کو فراہم کرنے کی غرض سے جا رہا تھا،اے این ایف پشاور ائرپورٹ ٹیم نے پشاور ائرپورٹ ایک خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے Ampilanen Rowena Bautista نامی ایک فلپائنی خاتون کو حراست میں لے لیا اور اس کے قبضے سے 4.62 کلو گرام کوکین برآ مد کر لی جو پھلوں کے 7 ڈبوں میں چھپائی گئی تھی۔ ملزمہ قطر ائرلائن کی پرواز نمبر QR-608 سے برازیل سے براستہ دوہا پشاور پہنچی تھی،تمام زیرِ حراست ملزمان کے خلاف مقدمات اے این ایف کے تھانوں میں درج کر لئے گئے ،ملزمان سے تفتیش جار ی ہے۔