بھارت اپنی نا اہلی چھپانے کیلئے دوسروں پر الزام لگاتا ہے، بھارت کی بھول ہے کہ پاکستان 1971والا نہیں، ہم بھارت کے الزام کو اقوام متحدہ میں لے کر جائیں گے

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین شیخ روحیل اصغرکی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 31 جولائی 2015 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین شیخ روحیل اصغر نے کہا ہے کہ بھارت اپنی نا اہلی چھپانے کیلئے دوسروں پر الزام لگاتا ہے، بھارت کی بھول ہے کہ پاکستان 1971والا نہیں ہم بھارت کے الزام کو اقوام متحدہ میں لے کر جائیں گے۔ وہ جمعہ کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا پرانا وطیرہ ہے، یہ اپنی نا اہلی چھپانے کیلئے دوسروں پر الزام لگاتا ہے، ہم اس کے الزامات اقوام متحدہ میں لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت چاہتا ہے کہ کسی طرح پاکستان کو اشتعال دلا کر جنگ پر آمادہ کیا جائے لیکن ہر چیز کا جواب دینے کا سفارتی طریقہ ہوتا ہے ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو معاشی، اقتصادی اور دہشت گردی جیسے مسائل کا سامنا ہے، اگر ہم جنگ میں الجھ گئے تو پھر کبھی بھی آگے نہیں بڑھ سکیں گے، اس لئے فی الحال ہمیں سب کچھ برداشت کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت سوچ رہا ہے کہ 1971کی طرح وہ پاکستان کو شکست دے گا لیکن یہ اس کی بھول ہے ، اب پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے، شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ بھارت میں کچھ ہوتا ہے تو بھارتی میڈیا کس کو اٹھاتا ہے لیکن پاکستان میں کچھ ہو جائے تو ہمارا میڈیا اس کو کوریج نہیں دیتا بلکہ سیاستدانوں کو پروگراموں میں بلا کر ایک دوسرے سے لڑانا ہے۔