فلاح انسانیت فاؤنڈیشن جماعۃ الدعوۃ کی جانب سے حیدرآباد کے نشیبی علاقوں میں ریسکیو کا کام جمعہ کو پانچویں روز بھی جاری رہا

جمعہ 31 جولائی 2015 21:47

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء)فلاح انسانیت فاؤنڈیشن جماعۃ الدعوۃ کی جانب سے حیدرآباد کے نشیبی علاقوں میں ریسکیو کا کام جمعہ کو پانچویں روز بھی جاری رہا اس دوران 70 سے زائد خاندانوں کو زیر آب مکانوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اورمیڈیکل کیمپوں کے ذریعے 3 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج و معالجہ مفت طبی معائنہ کیا گیا، جماعۃ الدعوۃ کے ترجمان محمد خالد سیف نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور حالات کا جائزہ لیا، انہوں نے کہاکہ حیدرآبا دکے نشیبی علاقے سحرش نگر ، مرشد آباد، مہر علی ہاؤسنگ کالونی اور دیگر علاقے اب تک زیر آب ہیں، ان کی نکاسی کا کوئی بھی انتظام نہیں کیا گیا اور وہاں پر پھنسے ہوئے لوگوں کو مسلسل ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر پہنچایا جارہا ہے، انہوں نے بتایاکہ مکانات کی حفاظت کے خاطر کئی لوگ گھروں کی چھتوں پر موجود ہیں جن کو کھانے پینے کی اشیاء ، ادویہ اور دیگر ضروریات زندگی کی چیزیں پہنچائی جارہی ہیں، انہوں نے بتایاکہ سندھ بھر میں بدین، گھوٹکی ، پنوعاقل، سکھر اور دیگر مقامات پر فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی ٹیمیں مسلسل خدمات سرانجام دے رہی ہیں اب تک سندھ بھر میں 5ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے، 20 ہزار سے زائد لوگوں کو پکاپکایا کھانا، راشن، ادویہ اور دیگر سہولتیں پہنچائی گئی ہیں، ا نہوں نے کہاکہ دوسرا بڑا سیلابی ریلا سندھ میں داخل ہونے کو ہے اس کی تیاری کے حوالے سے سروے ٹیمیں مختلف علاقوں میں ر وانہ کی جاچکی ہیں اور ان علاقوں میں جاکر مرکزی کنٹرول روم قائم کئے جارہے ہیں تاکہ کسی ناگہانی صورتحال کے پیش نظر فوری طورپر لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جاسکے اور ان کی بھرپور خدمت کی جاسکے۔