حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 1.03 روپے فی لیٹر سے 4.92 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان

پیٹرول ایک روپیہ 3 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل 2 روپے 6 پیسے ، مٹی کا تیل4 روپے 83 پیسے سستا ہو گیا

جمعہ 31 جولائی 2015 21:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء)حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 1.03 روپے فی لیٹر سے 4.92 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا ہے۔پیٹرول ایک روپیہ 3 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل 2 روپے 6 پیسے ، مٹی کا تیل4 روپے 83 پیسے سستا ہو گیا۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے جمعہ کو نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پیٹرول کی قیمت 77.79 سے کم کر کے 76.76 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے اس طرح اس کی قیمت میں فی لیٹر 1.03 روپیہ کمی ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

ہائی سپیڈ ڈیزل 2.06 روپے فی لیٹر سستا کیا گیا ہے اور قیمت 87.11 سے کم کر کے 85.05 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے ۔ اسی طرح ایچ او بی سی کی قیمت میں 1.02 روپیہ فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور قیمت 83.81 سے کم کر کے 82.79 روپے ، مٹی کے تیل کی قیمت میں4.83 روپے فی لیٹر کمی کر تے ہوئے 64.94 روپے کی بجائے 60.11 اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 4.92 روپے فی لیٹر کم کر کے 61.51 کی بجائے نئی قیمت 56.59 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے ۔ نئی قیمتوں کا اطلاق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب 12 بجے سے ہو گیا ۔