انسدادڈینگی مہم میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی‘ چیف سیکرٹری پنجاب

سرکاری محکمے مون سون بارشوں کے دوران ڈینگی کے خطرے سے بچاؤ کے لئے متعین کردار تندہی سے ادا کریں ڈی سی اوز متعلقہ اضلاع میں ممکنہ ہاٹ سپاٹس کی جیوٹیگنگ کر کے ڈیٹا پی آئی ٹی بی کو فراہم کریں‘خضریات گوندل کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 31 جولائی 2015 21:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) چیف سیکرٹری پنجاب خضرحیات گوندل نے کہاہے کہ انسداد ڈینگی مہم میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ حالیہ بارشوں کے بعد ڈینگی کے خاتمے کی مہم کو مزیدتیز کیا جائے۔ پنجاب سول سیکرٹریٹ میں انسدادڈینگی مہم انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل نے کہا کہ تمام سرکاری محکمے مون سون بارشوں کے دوران ڈینگی کے خطرے سے بچاؤ کے لئے اپنا متعین رول تندہی سے ادا کریں۔

ڈینگی پر قابو پانے کے لئے جذبے اور محنت سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈی سی اوزمتعلقہ اضلاع میں ممکنہ ہاٹ سپاٹ کی جیوٹیگنگ کے ذریعے نشاندہی کر کے ڈیٹا پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو مہیا کیا جائے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم کے دوران ضروری عوامل کے لئے فنڈز کی کمی کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

صوبائی اور وفاقی محکمے انسداد ڈینگی مہم کے دوران اشتراک عمل کا مثالی مظاہرہ کریں۔ چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل نے انسدادڈینگی انتظامات میں سرکاری اداروں کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا۔ اجلاس میں ارکان صوبائی اسمبلی ماجدظہور‘ محسن لطیف‘ لبنیٰ فیصل‘ چیئرمین پی آئی ٹی بی ڈاکٹر عمرسیف‘ کمشنر لاہور ڈویژن‘ ڈی سی اور دیگراعلیٰ انتظامی افسران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :