Live Updates

وجیہہ الدین کا سینئر پارٹی رہنماؤں کی رکنیت سے متعلق بیان ان کی ذاتی رائے ہے ، تحریک انصاف کی قیادت وجہیہ الدین کا احترام کرتی ہے ، تحلیل شدہ ٹربیونل کے فیصلوں کو قبول نہیں کیا جا سکتا

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کا جسٹس(ر) وجیہہ الدین احمدکے بیان پرردعمل کااظہار

جمعہ 31 جولائی 2015 21:14

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے جسٹس(ر) وجیہہ الدین احمد کے سینئر پارٹی رہنماؤں کی رکنیت سے متعلق بیان کو ان کی ذاتی رائے قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان جسٹس(ر) وجہیہ الدین احمد کا احترام کرتے ہیں تاہم ایک تحلیل شدہ ٹربیونل کے ذریعے کیے گئے فیصلوں کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ہی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے نہ صرف جماعت کے اندر انتخابات منعقد کروائے بلکہ انتخابی عمل کے دوران سامنے آنے والی شکایات کی تحقیقات کیلئے باقاعدہ الیکشن ٹربیونل مقرر کیا جس کی سربراہی پر جسٹس وجہیہ الدین احمد کو مقرر کیا گیا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے ٹربیونل نے پوری آزادی کے ساتھ اپنی کارروائی مکمل کی اور انتخابی عمل کیلئے اپنی جامع سفارشات پیش کیں جنہیں چیئرمین تحریک انصاف نے نہ صرف قبول کیا بلکہ ان کے نفاذ کیلئے اقدامات بھی اٹھائے، تاہم چیئرمین کی جانب سے ٹربیونل کی تحلیل کے بعد بھی اپنے دائرہ کار سے تجاوز کرتے ہوئے متنازعہ انداز میں ٹربیونل کی کارروائی جاری رکھنا اور ایسے فیصلوں جن کی کوئی قانونی واخلاقی حیثیت نہیں کے ذریعے پارٹی کے سنئیر رہنماؤں کے بارے میں تلخ آمیز اقدامات کی ترویج افسوسناک ہے۔

ان کے مطابق جسٹس وجہیہ الدین احمد کا تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں سے متعلق بیان ان کی زاتی رائے ہے جس کا پارٹی کی پالیسی سے کوئی تعلق ہے نہ اس کی تائید کرتے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات