فلاحی اداروں کی جانب سے انسانیت کی خدمت ،انہیں روز مرّہ کی سہولیات سے مستفید کرانا قابل تحسین اقدام ہے ،ڈپٹی کمشنر خضدار

جمعہ 31 جولائی 2015 21:01

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء )ڈپٹی کمشنر خضدار سید عبدالوحید شاہ نے کہاہے کہ فلاحی اداروں کی جانب سے انسانیت کی خدمت اور انہیں روز مرّہ کی سہولیات سے مستفید کرانا قابل تحسین اقدام ہے ۔ قابل ستائش اقدامات میں تعاون کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کی حکومت حوصلہ افزائی کرتی رہے گی ۔سینٹرل جیل خضدارمیں فلٹر پلانٹ لگنے سے قیدیوں کے پینے کے صاف پانی کے حوالے سے نہ صرف مشکلات دور ہونگی بلکہ انہیں پینے کا صاف پانی میسر آئیگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹر جیل خضدار میں بی آر ایس پی کے تعاون اور یورپی یونین کی فنڈ نگ سے فلٹر پلانٹ کی مرمت مکمل ہونے پر اس کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر جیل سپریٹنڈنٹ فریداﷲ نوشیروانی بی آر ایس پی کے پراجیکٹ منیجر خالد بنگلزئی بی آر ایس پی کے سوشل آرگنائز ر سیف اﷲ شاہوانی ودیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر خضدار سید عبدالوحید شاہ نے کہاکہ کہ بے سہارا افراد کی خدمت کرنا ان کی مشکلات کودورکرنا اور انہیں زندگی کی سہولیات سے مستفید کرانا انسانیت ہے ۔ بی آر ایس پی اور یورپی یونین کی جانب سے قیدیوں کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے فلٹر پلانٹ کی مرمت احسن اقدام ہے ۔

اس فلاحی اقدام سے نہ صرف قیدیوں کو صاف پانی دستیاب ہوگا بلکہ وہ متعلقہ تعاون کرنے والے اداروں کو دعائیں دیں گے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ بی آر ایس پی اور یورپی یونین آئندہ بھی اس طرح کے فلاحی اقدامات جاری رکھیں گے ۔ حکومت ایسے اداروں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جو حکومت کے ساتھ تعاون کرکے فلاحی کاموں میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں ۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ بی آر ایس پی اور یورپی یونین کی طرح دیگر غیر سرکاری امدادی ادارے آگے آکر اسی طرح فلاحی کاموں میں حصہ لیکر عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں اپنا تعاون کریں گے ۔اس سے قبل ڈپٹی کمشنر خضدار سید عبدالوحید شاہ نے فلٹر پلانٹ کی مشینری کامعائنہ کیا ۔ اور انہیں فلٹر پلانٹ سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔