سابق صدر آصف زرداری کی شیخ عتیق احمد کے انتقال پر اظہار افسوس

جمعہ 31 جولائی 2015 20:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے شیخ عتیق احمد کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے جن کا انتقال جمعہ کے روز صبح کو لاہور میں ہوا۔ شیخ عتیق احمد پیپلز پارٹی کے سابق سیکریٹری جنرل شیخ رفیق احمد کے بڑے صاحبزادے تھے۔ جنرل ضیا الحق کی ڈکٹیٹرشپ کے دور میں ایک وقت ایسا بھی آیا جب شیخ رفیق احمد اور ان کے دونوں صاحبزادے پابند سلاسل رہے۔

شیخ عتیق احمد گورنمنٹ کالج لاہور میں طالب علم لیڈر تھے اور ضیاالحق کی ڈکٹیٹرشپ کے خلاف جدوجہد میں انہیں جیل میں ڈالا گیا اور ان پر بے تہاشہ تشدد کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ نفسیاتی عارضے کا شکار ہوگئے اورساری عمر یہ بیماری ان کے ساتھ رہی۔ وہ کچھ عرصے کے بعد جلاوطن بھی رہے۔

(جاری ہے)

شوگر کی بیماری کی وجہ سے ان کی دونوں ٹانگیں کاٹ دی گئی تھیں اور وہ گزشتہ تیس سالوں سے بیماریوں کا علاج کرواتے رہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ انہیں شیخ عتیق احمد کی وفات کی خبر سن کر سخت صدمہ اور دکھ ہوا ہے۔ شیخ عتیق احمد کو پارٹی قیادت اور کارکن طویل عرصے تک ان کی قربانیوں کے حوالے سے یاد رکھیں گے۔ انہوں نے مرحوم کی روح کے ایصالِ ثواب اور دوست و احباب اور غمزدہ خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

متعلقہ عنوان :