قومی اسمبلی سے بلدیاتی انتخابات ایکٹ کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ نے حلقہ بندیوں کا سابقہ نوٹیفیکیشن منسوخ کر دیا

الیکشن کمیشن نئے ایکٹ کے تحت حلقہ بندیاں دوبارہ کریگا

جمعہ 31 جولائی 2015 20:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) قومی اسمبلی سے بلدیاتی انتخابات ایکٹ کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ نے حلقہ بندیوں کا سابقہ نوٹیفیکیشن منسوخ کر دیا ، الیکشن کمیشن نئے ایکٹ کے تحت حلقہ بندیاں دوبارہ کریگا۔ جمعہ کو وزارت داخلہ نے اسلام آباد بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے حلقہ بندیوں کا سابق نوٹیفکیشن منسوخ کردیا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سابقہ حلقہ بندیاں وزارت داخلہ کے جس نوٹیفکیشن کے تحت ترتیب دی گئی تھی سپریم کورٹ کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کو منسوخ کرنے کے بعد قانونی حیثیت کھوچکی تھیں-حلقہ بندیاں اور الیکشن شیڈول وزارت داخلہ کے ڈرافٹ پر کی گئی تھی جو کہ پارلیمنٹ سے ایکٹ منظور ہونے سے پہلے کوئی قانونی حیثیت نہیں رکھتی تھی-گزشتہ دنوں قومی اسمبلی کے لوکل گورنمنٹ ایکٹ2015ء برائے بلدیاتی ایکٹ منظور ہونے کے بعد وزارت داخلہ نے حلقہ بندیوں پر سابقہ نوٹیفیکیشن منسوخ کر دیا اب وزارت داخلہ نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت حلقہ بندیوں کا نیا نوٹیفکیشن جاری کریگا اور اس نوٹیفکیشن کے تحت الیکشن کمیشن اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کیلئے نئی حلقہ بندیاں کریگا۔