اسلام آباد کے تاجروں کا 3اگست کو ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان

جمعہ 31 جولائی 2015 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) اسلام آباد کی تاجر برادری کا ایک ہنگامی اجلاس جوائنٹ ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالرؤف عالم کی زیر صدارت اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقد ہوا جس میں اسلام آباد کی تاجر تنظیموں کے نمائندگان سمیت تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت کی طرف سے بنکاری لین دین پر 0.3فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کے خلاف 3 اگست 2015 کو ہڑتال اسلام آباد میں شٹرڈاؤن ہڑتال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

تاجروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کسی بھی صورت میں بنکاری کے لین دین پر زبردستی ودہولڈنگ ٹیکس کو قبول نہیں کریں گے اور حکومت سے مطالبہ کہ وہ ایک دن میں 50,000 روپے یا اس سے زائد رقوم کے بنکاری کے لین دین پر 0.3 فیصد ودہولڈنگ کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لے انہوں نے کہا کہ حکومت کو چائیے وہ جبراً ٹیکس جمع کرنے کے اقدامات لینے کی بجائے تاجر برادری سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ٹیکس کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی کوشش کرے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری ، سنیئر نائب صدر محمد شکیل منیر ، نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ ، اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے صدر کامران عباسی، انجمن تاجراں اسلام آباد کے صدر کاشف چوہدری، آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ ، جناح سپر مارکیٹ کے صدر محمد اعجاز عباسی ، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسڑی کے سابق صدور خالد جاوید، میاں شوکت مسعود، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر میاں اکرم فرید ، خالد اقبال ملک، فیڈریشن کے چیف کو آرڈینیٹر ملک سہیل حسین اورمقامی مارکیٹوں کے صدور اور جنرل سیکرٹریز سمیت تاجر برادی کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

اجلاس صرف یک نکاتی ایجنڈ ا کے لئے بلایا گیا جس کا مقصد ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف اسلام آباد میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی تاریخ کا تعین کرنا تھا اجلاس میں یکم اور پانچ اگست کو ہڑتال کرنے کا معاملہ زیر غور لایا گیا تاہم تاجروں نے جوائنٹ ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالرؤف عالم کو اختیار دیا کہ وہ ہڑتال کے لئے کسی متفقہ تاریخ کا اعلان کریں جنہوں نے سب کی رائے لیکر 3 اگست 2015 کو اسلام آباد میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کرنے کا اعلان کیا اور تمام تاجر برادری نے اس کی تائید کی ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالرؤف عالم ، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری اور دیگر تاجر راہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھے کیونکہ اتحاد کے ذریعے ہی وہ اپنے مسائل کو بہتر طور پر حل کرا سکتے ہیں اور حکومت کو اپنا پیغام مؤثر انداز میں پہنچا سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :