صوبائی سیکرٹری سپورٹس کی زیرصدارت اہم اجلاس، سپورٹس ڈویلپمنٹ پلان2020کا جائزہ لیا گیا

ڈی جی سپورٹس کی بریفنگ ، 2020تک ہر نوجوان کو سپورٹس کی سہولت میسر ہوگی، عثمان انور،زیرتعمیر سپورٹس انفراسٹرکچر جلد مکمل کرنے پر اتفاق سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہا ہے، سیکرٹری سپورٹس ہمایوں مظہر، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کی کارکردگی کو سراہا

جمعہ 31 جولائی 2015 20:30

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) کھیلوں کے فروغ اور ترقیاتی منصوبہ جات کی بروقت تکمیل کیلئے صوبائی سیکرٹری سپورٹس ہمایوں مظہر شیخ کی زیرصدارت سپورٹس بورڈ پنجاب میں اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے سیکرٹری سپورٹس کو کھیلوں کے منصوبہ جات کے متعلق بریفنگ دی،اجلاس میں سپورٹس ڈویلپمنٹ 2020ء پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، ڈی جی سپورٹس پنجاب نے اجلاس میں بتایا کہ پنجاب حکومت سپورٹس کو بہت اہمیت دیتی ہے، جس کے تحت ہر نوجوان کو سپورٹس کی طرف راغب کرنے کیلئے سپورٹس ڈویلپمنٹ پلان 2020ء ترتیب دیا گیا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کیلئے پنجاب یوتھ فیسٹیول کی صورت میں بہترین پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے جس میں لاکھوں نوجوان اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرچکے ہیں، پنجاب یوتھ فیسٹیول سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے جس نے دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا بھی منوایا لیا ہے، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے بتایا کہ سپورٹس میں حصہ لینا ہر نوجوان کا بنیادی حق ہے، سپورٹس ڈویلپمنٹ پلان کے تحت2020ء تک ہر نوجوان کو سپورٹس کی سہولت میسر ہوگی ،نوجوان اپنے ٹیلنٹ کا کھل کر اظہار کرسکے گے جس سے بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی پیدا ہوں گے جو دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کریں گے، اجلاس میں زیرتعمیر سپورٹس انفراسٹرکچر کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سپورٹس پنجاب ہمایوں مظہر شیخ نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ترقی میں سپورٹس کی سرگرمیاں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب نے جس طرح شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے مستقبل میں بھی سپورٹس کے ایونٹس کا انعقاد کرتا رہے، انہوں نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے سپورٹس ڈویلپمنٹ پلان کو بھی سراہا اور کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بھرپور مواقع فراہم کررہی ہے، ترقی یافتہ ممالک میں سپورٹس صرف کھیل ہی نہیں رہا بلکہ روزگار کا ایک اہم ذریعہ بھی بن چکا ہے، لہٰذا ہمارے نوجوانوں کو بھی چاہئے کہ وہ سپورٹس کی طرف آئیں اور روزگار کے ساتھ ساتھ شہرت حاصل کرکے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

بعدازاں سیکرٹری سپورٹس نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے تمام شعبوں اور نیشنل ہاکی سٹیڈیم کا معائنہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :