ڈاکٹر سید وسیم اختر نے وِدہولڈنگ ٹیکس کے ظالمانہ فیصلے کیخلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی

جمعہ 31 جولائی 2015 20:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اخترنے وِدہولڈنگ ٹیکس کے ظالمانہ حکومتی فیصلے کے خلاف قراردادپنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروادی۔جمع کرائی جانے والی قرارداد میں کہاگیا ہے کہ ’’یہ ایوان مطالبہ کرتاہے کہ حکومت وِدہولڈنگ ٹیکس کے ظالمانہ فیصلے کوفوری واپس لے اور اس ٹیکس کوختم کرکے تاجربرادری کومزیدریلیف دینے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے‘‘۔

دریں اثناء ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے۔نئے نئے ٹیکس لگاکرغریب عوام کوزندہ درگور کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ ودہولڈنگ ٹیکس کے ظالمانہ فیصلے پرپورے ملک کی تاجربرادری اس وقت سراپا احتجاج ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی تاجربرادری کی مکمل حمایت اور تعاون کااعلان کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ افسوسناک امر یہ ہے کہ نوازشریف حکومت اپنے وعدوں اور دعوؤں کو بھلاکر مہنگائی،بیرزگاری اور لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔

پہلے سے پسے ہوئے عوام پرمزیدٹیکس لگاکران کاخون نچوڑاجارہاہے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مطالبہ کیاکہ مسلم لیگ (ن)اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کو پوراکرے اور ملک سے مہنگائی،غربت،بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے سنجیدہ عملی اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ ودہولڈنگ کے نام پر ظالمانہ ٹیکس کوفی الفور واپس لے تاکہ تاجر برادری سکھ کا سانس لے سکے۔