دنیابھر میں ٹمپریچر بڑھ رہا ہے، پاکستان میں ایک ڈگری پلس بڑھ رہا ہے جوتشویشناک ہے‘ شجاع خانزادہ

آبی ذخائر تعمیر نہ کئے گئے تو سیلاب کی تباہ کاریاں بہت زیادہ ہوں گی،سیلاب کے اثرات دہشت گردی سے زیادہ ہیں وفاقی حکومت کی معاونت سے لانگ ٹرم پالیسی تیار کی گئی ہے، دریاؤں کے بیڈوں سے تجاوزات ختم کی جائیں گی،سفارتی سطح پر بھارت سے رابطہ کیا جا رہا ہے کہ دریاؤں میں پانی چھوڑنے سے قبل پاکستان کو آگاہ کرے‘ ورکشاپ سے خطاب

جمعہ 31 جولائی 2015 20:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) صوبائی وزیر ماحولیات و چیئر مین کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کرنل(ر) شجاع خانزادہ نے کہاہے کہ دنیا بھر میں درجہ حرارت بڑھ رہاہے جبکہ پاکستان میں درجہ حرارت ایک ڈگری پلس بڑھ رہاہے جو تشویش ناک صورتحال ہے ، آبی ذخائر تعمیر نہ کئے گئے تو سیلاب کی تباہ کاریاں بہت زیادہ ہوں گی اورسیلاب کے اثرات دہشت گردی سے زیادہ ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ایوان اقبال میں منعقدہ ایک ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہاکہ وفاقی حکومت کی معاونت سے سیلاب کی تباہ کاریو ں کو روکنے کے لئے لانگ ٹرم حکمت عملی اپنائی جارہی ہے جس کے تحت دریاؤں کے بیڈ وں سے تمام تجاوزات ختم کی جائیں گی تاکہ پانی کے بہا ؤمیں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ کالا باغ ڈیم بن جاتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی ۔

وزارت خارجہ کے ذریعے بھارت سے رابطہ کیاجارہاہے تاکہ وہ دریاؤں میں پانی چھوڑنے سے قبل پاکستان کو آگاہ کرے تاکہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے بروقت اقدامات کئے جاسکیں ۔ انہو ں نے بتایاکہ حکومت پنجاب نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مارچ سے کام شروع کردیاگیا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ دریاؤں اور نالوں کے پشتوں کو مضبوط بنایاگیا ہے ۔وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔

سیلاب سے جاں بحق ہونے والے 12 افراد کے خاندانو ں کو پانچ پانچ لاکھ روپے ادا کردیئے گئے ہیں ۔صوبائی وزیر نے بتایاکہ سیلاب زدہ علاقوں سے متاثرین کو نکالنے کے لئے 300 ہائی پاور بوٹس خریدی گئی ہیں جو ضلعی انتظامیہ اور فوج کو فراہم کی گئی ہیں ۔انہو ں نے بتایاکہ بوٹس کی مانیٹرنگ کے لئے ٹریکنگ سسٹم اور سرچ لائٹ لگائی گئی ہیں جس سے رات کے وقت ریسکیو آپریشن میں مدد ملے گی ۔

انہو ں نے بتایاکہ متاثرہ اضلاع میں 141 ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں ان میں قیام پذیر متاثرین کو تین وقت کا کھانا دیاجارہاہے ۔اسی طرح 150 میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں جن کے ذریعے 27141 افرادکو طبی سہولیات دی گئی ہیں ۔ انہو ں نے بتایاکہ تونسہ کے مقام پر ہائی فلڈ ہے جبکہ تربیلا ، کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے - انہو ں نے بتایاکہ جہلم ، چناب ، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے ۔

متعلقہ عنوان :