ریاستی ادارے عوامی مسائل کے حل اور شہر کی تعمیر وترقی میں اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں بُری طرح ناکام ہو چکے ہیں ،میاں محمد اسلم

شہری بلد یاتی الیکشن میں باکردار اور عوام کا درد رکھنے والے اُمیدواروں کو منتخب کر یں، نائب امیر جماعت اسلامی

جمعہ 31 جولائی 2015 19:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہااسلام آباد کے باشعور شہری بلد یاتی الیکشن میں باکردار اور عوام کا درد رکھنے والے اُمیدواروں کو منتخب کر یں اور اس کے نتیجے میں اسلام آباد میں تعمیر و تر قی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ۔انھوں نے کہا طو یل عر صے سے اسلام آباد لینڈ مافیا، جرائم پیشہ عناصر اورسی ڈ ی اے کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا ریاستی ادارے عوامی مسائل کے حل اور شہر کی تعمیر وترقی میں اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں بُری طرح ناکام ہو چکے ہیں اور انہیں پوچھنے والا بھی کوئی نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی اسلام آباد کے تحت منعقدہ پختون جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ کے نائب امیر صاحبزادہ ہارون رشید ،امیر جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر فاروق خان ،حاجی فضل رازق ،حاجی دلاور ،نور اﷲ خٹک ،عالم زیب خان اور دیگروقبائلی عمائدین نے بھی خطاب کیا ۔

میاں محمداسلم نے کہااگر بلدیاتی الیکشن میں حسب سابق نااہل لوگوں کو منتخب کیا گیا تو دارالحکومت اجڑ جائے گا اور پہلے کی طرح لوٹ مار کرنے والے پھر عوام کی گردنوں پر مسلط ہو جائیں گے پھر عوام کے پاس ہاتھ ملنے اور بد دعا ئیں دینے کے سوا کچھ نہیں رہے گا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ ہارون رشید نے کہا پختون قبائل نے پاکستان کی بقا کی جنگ لڑی ہے اور کشمیر کے محاذ پر انڈیا کی فوج کو ناکوں چنے چبوائے ہیں ۔

امیر جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر فاروق خان نے اپنے خطاب میں کہاکہ جماعت اسلامی کے امیدوار کامیاب ہو کر حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے اسلام آباد کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔انہوں نے کہا ہمیں امید ہے اسلام آباد کے شہری امانت اور دیانت کا ساتھ دیتے ہوئے جماعت اسلامی کے نامزد امیدواروں کو کامیاب بنائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :