ہائیکورٹ نے بوگس چیک کے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ،ملزم کی کمرہ عدالت سے فرار کی کوشش ناکام

جمعہ 31 جولائی 2015 19:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء)لاہور ہائیکورٹ نے بوگس چیک کے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ،پولیس نے ملزم کی کمرہ عدالت سے فرار کی کوشش ناکام بنا دی۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فرخ گلزار اعوان نے کیس کی سماعت کی۔ملزم ضہیب کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ مجھ پر بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا ہے لہٰذا درخواست ضمانت منظور کی جائے ۔

(جاری ہے)

مدعی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے بیوہ خاتون فردوس بی بی سے لاکھوں روپے کاروبار کے لئے حاصل کئے مگر رقم واپس کرنے کی بجائے چیک دے دیا جو بونس ہو گیا ۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی درخوست ضمانت مسترد کر دی۔ملزم نے ضمانت منسوخ ہونے پرکمرہ عدالت سے نکل کر فرار ہونے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے ملزم کو موقع سے گرفتار کر کے فرار کی کوشش ناکام بنادی۔