پی سی ایف نے یو سی آئی کی ہدایت پر فیڈریشن کے آئین میں ترامیم کی منظوری دے دی

کھیلوں کی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ادریس حیدرخواجہ، کامران، امین، وقار علی، سلیم بٹ اور لئیق پر تا حیات پابندی عائد کر دی گئی

جمعہ 31 جولائی 2015 19:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء)پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی سی ایف) نے یو سی آئی کی ہدایت پر فیڈریشن کے آئین میں ترامیم کی منظوری دے دی۔ کھیلوں کی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ادریس حیدرخواجہ، کامران، امین، وقار علی، سلیم بٹ اور لئیق پر تا حیات پابندی عائد کر دی گئی۔ اس بات کا فیصلہ پی سی ایف جنرل کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

پی سی ایف جنرل کونسل کا اجلاس گزشتہ روز فیڈریشن کے سینئر نائب صدر کرنل محمد اصغر فیض بودلہ کی صدارت میں اسلام آباد کلب میں منعقد ہوا جس میں فیڈریشن کے سیکرٹری اظہر علی شاہ سمیت فیڈریشن سے الحاق شدہ تمام یونٹس کے پی کے، پنجاب، سندھ، بلوچستان، فاٹا، اسلام آباد، پاکستان آرمی، واپڈا، سوئی سدرن گیس کمپنی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیڈریشن کے آئین میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں تین رکنی الیکشن کمیشن کا قیام بھی عمل میں لایا گیا جس میں ہاشم رضا ایڈوکیٹ، سپیڈ ایڈوکیٹ اور محمد علی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اجلاس میں فیڈریشن کے مخالف سرگرمیوں میں ملوث ادریش حیدر خواجہ، کامران، امین، وقار علی، سلیم بٹ اور لئیق احمد پر تاحیات پابندی لگا دی گئی۔