پورے ملک میں شٹر ڈاؤن ہوگا ،آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ ،کاروبار کھلا رہے گا،(ن) لیگ تاجر ونگ

پر امن ہڑتال کریں گے ،حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے جو بڑا خطرناک ہوگا‘ نعیم میر پانچ اگست کی کال دینے والوں نے باضابطہ درخواست کی تو مشاورت میں ہمدردانہ غور کیا جائے گا ‘تاجر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعہ 31 جولائی 2015 19:34

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ نے کہا ہے کہ بینک ٹرانزیکشن پر ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف ( ہفتہ ) کو پورے ملک میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہو گی جبکہ (ن) لیگ تاجر ونگ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ کاروبار کھلا رہے گا اور ہڑتال کی کال دینے والے ناکام ہوں گے ۔ہڑتال کی کال دینے والے تاجر رہنماؤں نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے جو بڑا خطرناک ہوگا، پانچ اگست کی کال دینے والے گروپ نے ہڑتال میں شامل ہونے کیلئے باضابطہ درخواست کی تو مشاورت میں ہمدردانہ غور کیا جائے گا ۔

حکومت کی طرف سے بینک ٹرانزیکشن پر ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف تاجر تنظیموں کا احتجاج جاری ہے اور اس تناظر میں آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ ( ہفتہ) کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دے رکھی ہے جس کے لئے گزشتہ روزمختلف مارکیٹوں کے تاجروں سے ملاقاتیں کی گئیں اور انہیں ہڑتال کیلئے قائل کیا جاتا رہا ۔

(جاری ہے)

لاہور پریس کلب میں دیگر تاجر رہنماؤ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نعیم میر نے کہا کہ آج کی ہڑتال مکمل پر امن ہو گی اور کوئی ہنگامہ آرائی نہیں ہو گی ۔

ہڑتال کرنا ہمارا جمہوری حق ہے اور کوئی ہمیں اس حق سے نہیں روک سکتا اور آج پورے ملک میں شٹر ڈاؤن ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے مطالبات کی منظوری تک پیچھے نہیں ہٹیں گے،تاجروں کے لئے باہر نکلے ہیں ہمارا ساتھ دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کی ہڑتال غیر سیاسی ہے ،ہم کسی سیاسی جماعت کے آلہ کار ہیں اور نہ بنیں گے لیکن تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کرنے پر سیاسی جماعتوں کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے تو پھر ہڑتالوں کاسلسلہ شروع ہو جائے گا ۔مشاورت جاری ہے اور دوبارہ اپنا لائحہ عمل دیں گے جو بہت خطرناک ہوگا۔ انہوں نے پانچ اگست کی ہڑتال میں شامل ہونے کے سوال کے جواب میں کہا کہ جس گروپ نے پانچ اگست کی کال دی ہے اگر اس نے باضابطہ درخواست کی تو ہمدردانہ غور کریں گے لیکن یہ فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا ۔دوسری طرف (ن) لیگ تاجر ونگ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ آج کاروبا ر رکھلا رہے گااور ہڑتال کی کال دینے والے ناکام رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :