پاک افغان ماحولیاتی سیف گارڈ مینجمنٹ ورکشاپ کے شرکا کا نیو خانکی بیراج پراجیکٹ کادورہ

ایشیائی ترقیاتی بنک کے زیر اہتمام چار روزہ ورکشاپ میں10افغان نمائندوں کی خصوصی شرکت

جمعہ 31 جولائی 2015 19:30

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء)ایشیائی ترقیاتی بنک کے زیر اہتمام پاک ۔افغان ماحولیاتی سیف گارڈ مینجمنٹ پرمقامی ہوٹل میں منعقدہ چار روزہ ورکشاپ گزشتہ روز ختم ہو گئی۔ ایشیائی ترقیاتی بنک کی مالی معاونت سے پاکستان اور افغانستان میں جاری مختلف منصوبوں کے پراجیکٹ امپلی منٹیشن یونٹس اور پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹس کے ماحولیاتی سیف گارڈ سٹاف نے ورکشاپ میں شرکت کی۔

جن میں سے 10 افراد افغانستان سے خصوصی طور پر ورکشاپ میں شرکت کے لئے آئے تھے۔ورکشاپ کے آخری دن شرکاء نے گزشتہ روز وزیر آباد میں دریائے چناب پر واقع نیو خانکی بیراج پراجیکٹ کادورہ کیا۔خانکی بیراج پہنچنے پر پراجیکٹ مینجمنٹ آفس(پی ایم او) پنجاب بیراجیز کے افسران، کنسلٹنٹس (سمیک) اور کنٹریکٹر (ڈیسکون انجینئرنگ لمیٹیڈ) کے نمائندوں نے 30 رکنی ٹیم کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

کنسلٹنٹس(سمیک) کے ٹیم لیڈر محمد اعظم نے وفد کو بتایا کہ خانکی بیراج کا منصوبہ جو جولائی 2013 میں شروع ہواآئندہ سال کے وسط تک مقررہ مدت کے دوران مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے بریفنگ کے دوران نیو خانکی بیراج منصوبہ کا پس منظر، اس کے خدوخال،مقاصداور مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔پی ایم او بیراجیز کے ڈپٹی ڈائریکٹر پرویز عارف نے پراجیکٹ کے حوالے سے درپیش ماحولیاتی مسائل اور ان کے تدارک کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر مفصل روشنی ڈالی۔

بعد ازاں وفد نے زیر تعمیر نیو خانکی بیراج (سائٹ) ، لیبر کیمپ اور وئیر ہاوس کا دورہ کیا ۔ڈیسکون انجینئرنگ کے پراجیکٹ مینجرمحمد انیس شیخ نے وفد کو بیراج کے مختلف حصوں کے بارے میں تکنیکی معلومات فراہم کیں۔ وفد کے شرکاء نے ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے سوالات کئے اور پراجیکٹ سائٹ پر ماحولیاتی سیف گارڈ مینجمنٹ کے عمدہ معیار کی تعریف کی ۔ واضح رہے کہ محکمہ آبپاشی حکومت پنجاب، ایشیائی ترقیاتی بنک کی مالی معاونت سے نیو خانکی بیراج کے تعمیراتی منصوبہ پر عملدرآمد کرا رہا ہے۔