چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے ریسکیو آپریشن کے ذریعے تشدد کا شکار 2کمسن گھریلو ملازماؤں کو تحویل میں لے لیا

بازیاب بچیوں میں 8سالہ سونیا اور 9سالہ سنیہا شامل،بچیوں کو مالک گھر میں قید کرکے چلے جاتے اور تشدد بھی کرتے تھے

جمعہ 31 جولائی 2015 19:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء)چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق کی ہدایت پرچائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ریسکیو ٹیم نے سمن آباد میں ریسکیو آپریشن کے ذریعے تشدد کا شکار 2کمسن گھریلو ملازماؤں کو تحویل میں لے لیا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو چائلڈ ہیلپ لائن 1121پر اطلاع دی گئی کہ سمن آباد آریہ نگر کے علاقے میں حبیب الرحمان نامی شخص کے گھر دو بچیاں کام کرتی ہیں او ر ان پر مالک کی جانب سے تشدد کیا جا تا ہے۔

جس پر چیئر پرسن صبا صادق کی ہدایت پر بیورو کی ریسکیو ٹیم نے متعلقہ علاقے کی پولیس کے ہمراہ بچیوں کو بازیاب کرایا۔ ان بچیوں کو مالک گھر میں قید کرکے چلے جاتے اور تشدد بھی کرتے ۔ بازیاب کرائی گئی بچیوں میں 8سالہ سونیا اور 9سالہ سنیہا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سونیا کا تعلق بھائی پھیرو سے جبکہ سنیہا کا تعلق کامونکی سے ہے۔ ان بچیوں کے مطابق مالک ان دونوں بچیوں پر تشدد کرتا اور اکثر اوقات گھر میں قید کرکے اپنی فیملی کیساتھ چلا جاتا۔

جمعہ کی صبح بھی مالک ان بچیوں کو قید کرنے اپنے بچوں کے ساتھ چلا گیا۔چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق نے کہا کہ ان بچیوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی تحویل میں لیا جا رہا ہے اور ان کے والدین سے رابطہ کیا گیا ہے۔ ان بچیوں کو ادارہ ہذا کی جانب سے مکمل تحفظ اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچیاں یہاں بیورو میں ہی مقیم رہے گی جہا ں اسکی نفسیاتی و جسمانی صحت و نشوونما کی بہتری پر توجہ دی جائے گی اور ایسے درندہ صفت لوگوں کے بارے میں سخت قانونی چارہ جوئی و کاروائی کی جائے گی۔