بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات ،مختلف امور پر گفتگو

جمعہ 31 جولائی 2015 19:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے جمعہ کو بلاول ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ملاقات کی ۔پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے پارٹی چیئرمین کو صوبے کی سیاسی صورت حال ،کراچی میں امن و امان ،جاری ٹارگیٹڈ آپریشن خصوصاً سیلابی صورت حال پر تفصیلی طور پر بریفنگ دی ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بارشوں اور سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا ۔ملاقات میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پیپلزپارٹی کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا ۔بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ سندھ میں سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور ممکنہ سیلابی صورت حال کے خطرے والے علاقوں میں عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو علاقے متاثر ہوئے ہیں وہاں پر بھی وبائی امراض سے بچاؤ کے لیے فوری اسپرے مہم شروع کی جائے اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطوں کے نظام کو مربوط کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام وزراء ،ارکان اسمبلی ،رہنما اور کارکنان سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام کی بڑھ چڑھ کر مدد کریں ۔