محکمہ صحت کی ٹیموں نے اب تک 47168 متاثرین سیلاب کوعلاج معالجہ کی سہولیات فراہم کیں ‘ خواجہ سلمان رفیق

اب تک 607 حامہ خواتین کا معائنہ ،13 ڈلیوریز کنڈکٹ کی گئیں،سیلاب سے متاثرہ چھ اضلاع میں محکمہ صحت کی 158 ٹیمیں کام میں مصروف ہیں،بچوں کو حفاظتی ٹیکے اور حاملہ خواتین کو تشنج سے بچاؤ کے ٹیکے بھی لگائے جا رہے ہیں‘ مشیر صحت پنجاب

جمعہ 31 جولائی 2015 19:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ صوبے کے چھ اضلاع کی 79 یونین کونسلوں میں محکمہ صحت کی 158 میڈیکل ٹیمیں متاثرین سیلاب کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کر رہی ہیں جن میں 108 فکسڈ ٹیمیں میڈیکل ریلیف کیمپوں میں کام کر رہی ہیں جبکہ 50 موبائل ٹیمیں فیلڈ میں مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ہیں- انہوں نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان ، لیہ، مظفر گڑھ ، میانوالی، رحیم یار خان اور راجن پور میں اب تک محکمہ صحت کی ٹیمیں مجموعی طور پر 47168 لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کر چکی ہیں جبکہ راجن پور اور رحیم یار خان میں ایک سانپ سے ڈسے اور ایک کتنے کے کاٹے مریض کو بروقت ویکسین لگا کر دونوں کی جانیں بچائی گئی ہیں- مشیر صحت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں علاج معالجہ کی سہولیات کے حوالے سے بتایا کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق محکمہ صحت کا عملہ متاثرین کی دیکھ بھال کیلئے دن رات مصروف عمل ہے - خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ اب تک 7013 بچوں کو پولیو اور 5089 بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین دی گئی ہے جبکہ 3546 حاملہ خواتین کو تشنج سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے ہیں- انہوں نے بتایا کہ میڈیکل ٹیموں میں خواتین میڈیکل آفیسرز بھی شامل ہیں جنہوں نے اب تک 607 حاملہ خواتین کا طبی معائنہ کیا ہے اور سکلڈ برتھ اٹنڈنٹ(SBA)کے ذریعے 13 ڈلیوریز بھی کروائی گئی ہیں-خواجہ سلمان رفیق نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے متاثرین کو پینے کا پانی صاف کرنے کے لئے 12821 ایکواپیورا گولیاں فراہم کی گئی ہیں جبکہ پانی کے 33 ذخیروں میں کلورینیشن بھی کی گئی ہے - مزید برآں محکمہ صحت کی ٹیموں نے 572 افراد کے خون کے نمونے ملیریا کی جانچ کیلئے حاصل کئے ہیں - خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ متاثرین کو گیسٹرو اور اسہال کی بیماریوں سے بچانے کے لئے ضروری ادویات وافر مقدار میں تمام میڈیکل ریلیف کیمپو ں میں دستیاب ہیں اور ڈی ہائیڈریشن سے مریضوں کو بچانے کے لئے ORS کے پیکٹ بھی تقسیم کئے جا رہے ہیں تا ہم گیسٹروانٹرائٹس کے مریضوں کی تعداد صرف 2فیصد ہے-خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت کی روشنی میں تمام متاثرین سیلاب کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے صوبائی محکمہ صحت کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور وہ خود ( خواجہ سلمان رفیق ) تمام سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں -

متعلقہ عنوان :