صوبائی حکومت نے دریاؤں اور آبی گزر گاہوں کے کناروں پر قائم نا جائز تجاوزات کو ختم کرنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے،صوبائی وزیر آبپاشی محمود خان کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 31 جولائی 2015 18:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء )خیبر پختونخواہ کے وزیر آبپاشی محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے دریاؤں اور آبی گزر گاہوں کے کناروں پر قائم تمام نا جائز تجاوزات کو ختم کرنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔ یہ بات انھوں نے جمعہ کے روز بدھنی نالہ چارسدہ روڈ پر نا جائز تجاوزات کے خاتمے کے کاموں کے معائنے کے دورانمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر سیکرٹری ایریگیشن خیبر پختونخواہ انجنئیر محمد نعیم خان، چیف انجنئیر کمال جہانگیر خان ، سپر ینٹینڈنٹ انجنئیر پشاور سرکل صاحبزادہ محمد شبیر پراجیکٹ ڈائریکٹر ورسک ریماڈلنگ زاہد عباس ایکسین پشاور کینال اسد زمان خان اور دیگر متعلقہ افسران و اہلکار بھی موجود تھے صوبائی وزیر نے ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے مختلف علاقوں مے سیلاب سے بچاؤ کے خصوصی منصوبوں پر 8 ارب روپے کی لاگت سے تیزی سے کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بڈھنی نالہ چارسدہ روڈ پر ناجائز تجاوزات کے خاتمے کا کام عوام کے تعاون سے صرف اور صرف محکمہ آبپاشی کے افسران اور اہلکاروں کی نگرانی میں جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ محکمہ آبپاشی کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کر رہا ہے اور نا جائز تجاوزات کے خاتمے کے کاموں میں محکمہ آبپاشی کی مشینری اور فنڈز بھی فراہم کئے جا رہے ہیں جبکہ مذکورہ کام کا کریڈت انتظامیہ لے رہی ہے حالانکہ چاہئیے تھا کہ اس کا کریڈت محکمہ آبپاشی کو دیا جائے ۔

انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور اہلکار بھی محکمہ آبپاشی کے افسروں سے تعاون کریں۔ انھوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے اپنی سیاست چمکانے اور جیب بھرنے کے لئے سرکاری زمیں کو غلط انداز میں لوگوں کو لیز پر دی تھی مگر اس کے برعکس موجودہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت واحد سیاسی جماعت ہے جوکہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اجتماعی کاموں کو ترجیح دے رہی ہے۔

صوبائی وزیر محمود خان نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے محکمہ آبپاشی بڈھنی نالہ پر نا جائز تجاوزات ختم کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے بعد فوری طور پر بڈھنی نالے کے دونوں کنارے ایک مضبوط حفاظتی دیوار تعمیر کی جائے گی جس سے بڈھنی نالے میں سیلاب آنے سے لوگوں کے گھروں کو محفوظ بنایا جا سکے گا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر محمود خان نے فلڈ ڈائریکٹریٹ میں وائر لیس کمیونیکیشن کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا بھی افتتاح کیا۔