ٹیوٹا صوبہ بھر کی جیلوں میں 25 ہزار قیدیوں کو فنی تربیت فراہم کرے گی‘ عرفان قیصر شیخ

قیدیوں کو انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق15 ووکیشنل شارٹ کورسز میں ما ہر افرادی قوت بنا یا جائیگا‘چیئرپرسن ٹیوٹا

جمعہ 31 جولائی 2015 18:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل اتھارٹی (ٹیوٹا) صوبہ بھر کی جیلوں میں 25 ہزار قیدیوں کو فنی تربیت فراہم کرے گی،ان قیدیوں کو انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق15 ووکیشنل شارٹ کورسز میں ما ہر افرادی قوت بنا یا جائے گا،اس تربیتی پروگرام کا انعقاد وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق کیا جا رہا ہے تاکہ قیدیوں کو ہنر مند بنا کر معاشرے کامفید شہری بنایا جا سکے۔

ان خیا لات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ہوم سیکرٹری پنجاب میجر ( ر) اعظم سلیمان خان،ایڈیشنل سیکرٹری ہوم اقبال حسین، انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر ،ڈی آئی جی جیل خانہ جات نوید روف، چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی، ٹیوٹا افسران حامد غنی انجم، انجینئر اظہر اقبال شاد، عبدالقیوم، اختر عباس بھروانہ ، ظہیر الدین احمد ، سرفراز انوراور دیگر افسرموجود تھے۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 6400قیدیوں کو 13مختلف جیلوں میں ٹریننگ دی جائے گی۔ جیلوں میں قید مرد، خواتین اورکم عمرنوجوانوں کوجد ید کورسز میں ٹریننگ دی جائے گی۔ ان کورسز میں ہوم اپلائنسز رپئیر، الیکٹریشن، کا ر پینٹر، بیوٹیشن، گھریلو سلائی،ویلڈر، پلمبر، موٹر سائیکل مکینک، ٹریکٹر مکینک، مشین ایمبرائیڈری، کمپیوٹر اپلیکیشنز، موٹروائنڈگ،فیشن ڈیزائننگ، ہینڈ ایمبرائیڈری اور انڈسٹریل سٹچنگ شامل ہیں۔

ہوم سیکرٹری پنجاب اعظم سلیمان نے قیدیوں کو مختصر دورانیہ میں فنی ماہر بنانے کیلئے چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ کے ساتھ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس پروگرام کے آغاز کیلئے دونوں محکمے جلد مفاہمتی یادداشت کے سمجھوتے پر دستخط کرینگے تاکہ ان کورسز کو شروع کرنے کیلئے تمام طریق کار کو طے کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جیل خانہ جات ٹیوٹا کی معاونت سے جیلوں میں فنی تربیت فراہم کرنے کیلئے متعلقہ لیبز کا قیام، مشینری و آلات کی تنصیب کا انتظام بھی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ فنی تربیت یافتہ قیدی اپنی سزا ختم ہونے کے بعداپنا کاروبار شروع کرکے اپنے اہل خانہ کی معاشی کفالت کر سکیں گے۔13 ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز سینٹرل جیل میانوالی،ساہیوال،گوجرانوالہ، کوٹ لکھپت ، بہاولپور، فیصل آباد، ملتان،ڈی جی خان، راولپنڈی، ملتان، وویمن سیکشن ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد،بروسٹل جیل فیصل آباداور بروسٹل جیل بہاولپور میں کھولے جانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جیل سے رہا ہونے کے بعد پیشہ ورانہ تربیت ان کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گی اور وہ با عزت طریقے سے اپنا روزگار یا اپنا کاروبار شروع کر سکیں گے ۔اس طرح کے فائدہ مند پروگراموں سے ملک میں جرم اور غربت کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا ۔