اسرائیلی فوج کا مسجد اقصیٰ کی توہین کرنا ،ایرانی حکومت کا تہران میں اہلسنت کی مسجد کو گرا دینا قابل افسوس ،مذمت ہے، مقررین

مسجد اقصیٰ کی توہین اور ایران میں اہلسنت کی مسجد کا گرایا جانا نا قابل قبول ہے،عالم اسلام کی مذہبی و سیاسی قیادت کو اسرائیل ، ایران کے ان اقدامات کے خلاف بھرپور آواز بلند کرنی چاہیے ‘ حافظ طاہر محمود اشرفی ، مولانا زاہد محمود قاسمی و دیگر کا اجتماع سے خطاب

جمعہ 31 جولائی 2015 18:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) اسرائیلی فوج کا مسجد اقصیٰ کی توہین کرنا اور ایرانی حکومت کا تہران میں موجود اہلسنت کی مسجد کو گرا دینا قابل افسوس اور قابل مذمت ہے ، اسلامی سربراہی کانفرنس اور مسلم حکمران ان اقدامات کے خلاف بھر پور اقدامات کریں۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر آج ملک بھر میں اسرائیلی اور ایرانی اقدامات کے خلاف منائے جانے والے یوم مذمت کے موقعہ پر علما ء ، خطباء اور مقررین نے جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لاہور جامعہ مسجد مصطفی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسجد اقصیٰ کی توہین اور ایران میں اہلسنت کی مسجد کا گرایا جانا نا قابل قبول ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک طرف ایرانی حکومت اتحاد اور وحدت کی بات کرتی ہے اور دوسری طرف ایران میں رہنے والے عرب اور اہلسنت پر زندگی تنگ کی جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کی مذہبی و سیاسی قیادت کو اسرائیل اور ایران کے ان اقدامات کے خلاف بھرپور آواز بلند کرنی چاہیے اور ایرانی قیادت سے ایران میں چالیس فیصد اہلسنت اور عرب کے حقوق کی پامالی کو روکنے کے لیے کہنا چاہیے۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین مولانا ایوب صفدر نے کہا کہ اسرائیل کے مظالم کا سبب امت مسلمہ کا متحد نہ ہونا ہے اور ایران کے شہر تہران میں مسجد کا گرایا جانا قابل افسوس عمل ہے ۔

پاکستان علماء کونسل کے وائس چیئرمین مولانا عبد الکریم ندیم نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کی توہین پر عالم اسلام کی مذہبی قیادت کو آواز بلند کرنی چاہیے۔ پاکستان علماء کونسل کے جنرل سیکرٹری مولانا زاہد محمود قاسمی نے عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں اور ایران میں عرب اور اہلسنت کے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو ایسے اقدامات سے باز رہنا چاہیے جس سے امت مسلمہ میں انتشار پیدا ہو۔

پاکستان علماء کونسل پنجاب کے صدر حافظ محمد امجد نے کہا کہ ایرانی قیادت فوری طور پر تہران میں گرائی جانے والی مسجد کی بحالی کا اعلان کرے ۔ پاکستان علماء کونسل صوبہ سندھ کے صدر مولانا طارق محمود مدنی نے کہا کہ امت مسلمہ کو فلسطینیوں کے حقوق کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔پاکستان علماء کونسل اسلام آباد کے صدر مولانا عبد الحمید صابری نے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل کا حل امت کے اتحاد میں ہے اگر امت مسلمہ متحد ہو جائے تو کسی کو الاقصیٰ کی توہین کی جرأت نہ ہو۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان تہران میں گرائی جانے والی مسجد پر ایرانی حکومت سے بات کرے اور اہلسنت کی مسجد کو بحال کروایا جائے۔ مفتی عبد الوحید کوئٹہ ، حافظ حسین احمد مردان ، مولانا خلیل احمد سراج ڈیرہ اسماعیل خان ، مولانا انوار الحق مجاہد ملتان ، مولانا اصغر خان کھوسہ ڈیرہ غازی خان ، مولانا سمیع اﷲ ربانی لیہ ، مولانا شفیع قاسمی ساہیوال، مفتی محمد یونس آزاد کشمیر ، مولانا عبد المالک جھنگ، مولانا وقار عثمانی سرگودھا، حافظ امجد محمود گجرانوالہ ، مفتی عمر فاروق خانیوال ، مولانا مبشر حضور بہاولپور ، مولانا سید عبدالغفار شاہ حجازی لودھراں ، مولانا سعد اﷲ شفیق رحیم یار خان ، مولانا خورشید نعمانی بہاولنگر، مولانا اعظم فاروق فیصل آباد، مولانا سعد اﷲ لدھیانوی ٹوبہ ٹیک سنگھ، مولانا ممتاز کلیار جڑانوالہ ، مولانا نعمان حاشر راولپنڈی ، مولانا اشفاق پتافی مظفر گڑھ ، ڈاکٹر شاہ نواز چکوال ، مولانا فہیم الحسن شیخوپورہ ، مفتی عصمت اﷲ ناروال ، مولانا رسال الدین قصور، مولانا محمد مشتاق لاہوری لاہوراور مولانا عبید اﷲ صابر راجن پور میں جمعتہ المبارک کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کی طرف سے مسجد اقصیٰ کی توہین اور ایرانی حکومت کا تہران میں اہلسنت کی مسجد کو گرانے کی شدید مذمت کی۔

متعلقہ عنوان :