پاکستان اور ماریشین کے مابین تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور

آغا شہاب کادونوں ممالک کی تاجربرادری کے درمیان زراعت اور حلال مصنوعات کی فروغ پر زور

جمعہ 31 جولائی 2015 17:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) ماریشین میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) رضا محمد نے پاکستان اور ماریشین کے درمیان تجارتی وباہمی تعلقات کے مزید فروغ اور مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر قائمقام صدر آغا شہاب احمد خان سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرتے ہوئے معیشت کے مختلف شعبوں میں جوائنٹ وینچرز کے ذریعے تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔

اس موقع پر ماریشیس کے اعزازی کمرشل ہیڈ محمد سجاد اعظم اور کے سی سی آئی کی منیجنگ کیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔ہائی کمشنر نے پاکستانی تاجربرادری پر زور دیا کہ انہیں سیچیلیس جزیرے (Seychelles Island) کے ساتھ تجارت کو توسیع دینے پر توجہ دینا چاہیے جو براعظم افریقا میں کاروباری و تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے بڑا مرکز ثابت ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

سیچیلیس جزیرہ دوستانہ کاروباری ماحول کے ساتھ محفوظ بھی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ماریشس کے ہائی کمشنر ہونے کے ساتھ ساتھ 3 دیگر ملکوں سیچیلیس آئز لینڈ،کومورس (Comoros) اورمڈغاسکر (Madagascar) میں بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ہائی کمشنر نے پاکستانی تاجربرادری خصوصاً کراچی چیمبر کے ممبران کے ساتھ ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا وہ دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے اور مذکورہ ممالک کے تاجروں کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے قائمقام صدر آغا شہاب احمد خان نے کے سی سی آئی کی خدمات کے بارے میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہاکہ کراچی چیمبر تاجروصنعتکار برادری کو درپیش مسائل اور تجارت سے متعلق مسائل کے حل کے لیے بھرپور توجہ کے ساتھ کام کرتاہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں باالخصوص سیاحت اورطبی سہولیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

آغا شہاب احمد خان نے کہاکہ دونوں ممالک کی تاجربرادری کو زراعت اور حلال مصنوعات پر توجہ دے کرتجارتی تعلقات کو مضبوط بناناچاہیے جبکہ ٹیکسٹائل،ہینڈی کرافٹس،نادر فرنیچر اور ہاتھ سے بنی ہوئی مصنوعات کی تجارت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔کے سی سی آئی کے قائمقام صدر نے ہائی کمشنر کو کراچی چیمبر کی مائی کراچی نمائش میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے ماریشس میں اس میگا ایونٹ کو پروموٹ کرنے کے لیے تعاون بھی طلب کیا جو ماریشس کے تاجروصنعتکاروں کے لیے خوردہ مارکیٹ کا جائزہ لینے کے لیے نہ صرف ایک مکمل پلیٹ فارم ثابت ہو گا بلکہ ایک چھت تلے بزنس ٹو بزنس میٹنگز کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :