فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اشتراک سے الیکٹرانک فارم ای متعارف کرادیا

ایکسپورٹرز آن لائن فارم ای کمرشل بینکوں میں جمع کراسکیں گے ،فارمز ای کی تصدیق کمرشل بینک آن لائن کرسکیں گے، الیکٹرانک فارم ای کا طریقہ کار ستمبر تک نافذ العمل ہوجائیگا طورخم ودیگر کسٹمز اسٹیشنز پر بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث بزنس کمیونٹی ایف بی آر کے آن لائن سسٹمز سے مستفید نہیں ہو رہی ہے،خیبرپختونخوا چیمبر

جمعہ 31 جولائی 2015 17:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ڈائریکٹریٹ آف ریفارمز اینڈ آٹو میشن ٗ پرال اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے باہمی اشتراک سے الیکٹرانک فارم ای متعارف کرادیا ہے جس کے تحت ایکسپورٹرز آن لائن فارم ای کمرشل بینکوں میں جمع کراسکیں گے اور ان فارمز ای کی تصدیق کمرشل بینک آن لائن کرسکیں گے۔ الیکٹرانک فارم ای کا طریقہ کار ستمبر تک نافذ العمل ہوجائے گا ۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر مقصود انور پرویز کی زیر صدارت چیمبر ہاؤس میں الیکٹرانک فارم ای سے متعلق ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا چیمبر کے نائب صدر حاجی اقبال خان آفریدی ٗ ریفارمز اینڈ آٹو میشن کسٹمز ہاؤس کراچی کے ڈائریکٹر عبدالماجد یوسفہانی ٗ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈائریکٹرفارن ایکس چینج فضل محمود ٗ پاک افغان جائنٹ چیمبر کے ڈائریکٹر ضیاء الحق سرحدی ٗ چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین عبدالقادر صراف ٗ اشتیاق محمد ٗ تاجکستان کے اعزازی قونصل جنرل انجینئر سید محمود ٗ فیض رسول ٗ نعمان الحق ٗ ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک ذوالفقار کھوکھر ٗ جائنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک محمد عمران خان ٗ جائنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک سید محمد ندیم ٗ پرال کے حکام اور ایکسپورٹرز حضرات سمیت کلیئرنگ ٗ فارورڈنگ اور بارڈر ایجنٹس بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر مقصود انور پرویز نے ایف بی آ ر کے آن لائن سسٹم Weboc سے متعلق بزنس کمیونٹی کو درپیش تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ طورخم اور دیگر کسٹمز اسٹیشنز پر بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث بزنس کمیونٹی ایف بی آر کے آن لائن سسٹمز سے مستفید نہ ہو رہی ۔ انہوں نے جعلی ای فارمز کی روک تھام کے لئے الیکٹرانک ای فارم متعارف کرانے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس سے ایکسپورٹرز اور ایجنٹس حضرات کو سہولیات میسر آئیں گی تاہم انہوں نے آن لائن سسٹم میں موجود خامیوں کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

انہوں نے کمرشل بینکوں کے ہفتے میں 7 کی بجائے 5 دن کھلے رہنے کی وجہ سے الیکٹرانک ای فارم جمع کرانے اور اس کی تصدیق کے عمل پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور کسٹمز کے ماتحت محکمے ہفتے میں 7 دن کھلے رہتے ہیں جبکہ کمرشل بینکوں کی ہفتہ اور اتوار چھٹی کے باعث آن لائن فارم جمع کرانے میں مشکلات درپیش ہوں گی۔ خیبر پختونخوا چیمبر کے نائب صدر حاجی اقبال خان آفریدی نے پرال میں موجود خامیوں پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ ہر ایکسپورٹر اور امپورٹر کو پرال کی وجہ سے پریشانی کا سامنا ہے ۔

انہوں نے الیکٹرانک فارم ای کے اجراء کا خیر مقدم کیا تاہم انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بزنس کمیونٹی کے لئے سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں اس ضمن میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ریفارمز اینڈ آٹو میشن کسٹمز ہاؤس کراچی کے ڈائریکٹر عبدالماجد یوسفہانی اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈائریکٹرفارن ایکس چینج فضل محمود نے خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر مقصود انور پرویز اور نائب صدر حاجی اقبال خان آفریدی سمیت ممبران کی جانب سے پیش کردہ تحفظات سے اتفاق کیا اور بتایا کہ ایف بی آر نے ڈائریکٹریٹ آف ریفارمز اینڈ آٹو میشن ٗ پرال اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے باہمی اشتراک سے الیکٹرانک فارم ای متعارف کرادیا ہے جس کے تحت ایکسپورٹرز آن لائن فارم ای کمرشل بینکوں میں جمع کراسکیں گے اور ان فارمز ای کی تصدیق کمرشل بینک آن لائن کرسکیں گے۔

الیکٹرانک فارم ای کا طریقہ کار ستمبر تک نافذ العمل ہوجائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ طورخم بارڈر پر بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ایکسپورٹرز کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لئے بہت جلد سولر سسٹم متعارف کرایا جائے گا جس سے مواصلاتی نظام میں بہتری آئے گی ۔ انہوں نے چیمبر کے اراکین کو ملٹی میڈیا پریذنٹیشن کے ذریعے الیکٹرانک فارم ای کے طریقہ کار سے آگاہ کیا اور اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی ۔ اجلاس سے ضیاء الحق سرحدی سمیت صوبے کے ایکسپورٹرز اور ایجنٹس حضرات نے ایف بی آر کے آن لائن سسٹمز میں موجود خرابیوں کی نشاندہی کی اور ان کے حل کی ضرورت پر زور دیا ۔