ملا محمد عمر کی موت کی تصدیق کے بعد افغان حکومت اور طالبان میں موخر ہونے والے مذاکرات دوبارہہونگے: سرتاج عزیز

جمعہ 31 جولائی 2015 17:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء ) وزیراعظم کے قومی سلامتی اور خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ افغان طالبان کے امیر ملا محمد عمر کی موت کی تصدیق کے بعد افغان حکومت اور طالبان کے درمیان موخر ہونے والے مذاکرات دوبارہہونگے، اس حوالے سے ابھی حتمی تاریخیں طے نہیں پائیں‘بھارتی وزیر داخلہ کے غیر ذمہ دارانہ بیان کا دفتر خارجہ واضح طور پر جواب دے چکا ہے‘اوفا میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے وزیراعظم نواز شریف کی ملاقات بھارتی درخواست پر ہوئی تھی۔

جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ ملا عمر کی موت کی طالبان نے اب خود تصدیق کردی ہے اور انہوں نے اپنا نیا امیر بھی منتخب کرلیا ہے افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان آج جومذاکرات ہونے تھے وہ افغان طالبان کی درخواست پر موخر کئے گئے یہ مذاکرات دوبارہ ہونگے تاہم فوری طور پر ان کی کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی چند دن بعد افغان طالبان نئی تاریخوں کے حوالے سے آگاہ کرینگے۔

(جاری ہے)

جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ بھارتی وزیر داخلہ نے گورداسپور کے واقعے کا پاکستان پربے بنیادالزام لگایا ہے تو سرتاج عزیزنے کہا کہ گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ اس حوالے سے پاکستان کا موقف واضح کرچکے ہیں اور بھارتی الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہیں جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ کیا ستمبر میں نیویارک میں پاک بھارت وزراء اعظم کی ملاقات متوقع ہے جس پر سرتاج عزیز نے کہا کہآپ کی کیا رائے ہے یہ ملاقات ہونی چاہئے یا نہیں توان سے کہا گیا کہ آپ اس کا جواب دیں۔اوفا میں دونوں ممالک کے وزراء اعظم کی ملاقات کے بارے میں سرتاج عزیز نے کہا کہ یہ ملاقات بھارت کی د رخواست پر ہوئی تھی جس میں کشمیر سمیت تمام متنازعہ امور پر بات چیت ہوئی تھی۔