سکھربیراج پراونچے درجے کاسیلاب،سیلابی پانی کچے کے علاقوں میں داخل

جمعہ 31 جولائی 2015 16:36

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء)سندھ میں سیلابی خطرہ اب تک نہ ٹل سکا ۔گڈو بیراج میں اچانک75 ہزار کیوسک پانی میں اضافہ ہوگیا۔ سیلابی پانی کچے کے علاقوں میں داخل ہونے سے اب تک ڈھائی ہزار دیہات کے لاکھوں افراد متاثر ہوچکے ہیں۔سکھر اورگڈو بیراج میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں75 ہزار کیوسک پانی کے ریلے کی اچانک آمد کے باعث دونوں بیراج میں بدستور اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

(جاری ہے)

سیلابی پانی سکھر،گھوٹکی،کندھ کوٹ کشمور،شکار پور،خیر پور اور نوشہروفیروز کے کچے کے علاقوں میں داخل ہوگیا جس نے ہزاروں آشیانے بہادئیے، بے گھر افراد کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔مجموعی طور پر اب تک ڈھائی ہزارسے زائد دیہات سیلاب کی نذر ہوچکے ہیں جس کے باعث 6 لاکھ سے زائد افراد سیلاب متاثرین بن گئے ۔ لوگ سیلاب زدہ علاقوں میں اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہورہے ہیں۔حکومت کی جانب سے خاطر خواہ اقدامات نہ ہونے کے باعث متاثرین کی مشکلات میں آئے دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔