وزیراعظم کے دورہ گلگت بلتستان اور امدادی پیکچ سے متاثرین کے حوصلے بلند ہوئے ‘مسلم لیگ(ن) گلگت بلتستان کی عوام کے اعتماد پر پورا اُترے گی‘آنے والے دورمیں گلگت بلتستان کا شمار پاکستان کے خوشحال ترین علاقوں میں ہوگا

گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر کابیان

جمعہ 31 جولائی 2015 16:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں وزیر اعظم کے دورہ گلگت بلتستان سے وہاں کی عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان گلگت بلتستان کی عوام سے بے حد محبت کرتے ہیں اوریہی وجہ ہے کہ خرابی موسم کے باوجود وزیراعظم نے سیلاب زدہ عوام کے مابین جا کر اُن کے دکھ و درد کا مداوا کرنا ضروری سمجھا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے متاثرین سیلاب کے لیے جس امداد کا اعلان کیا ہے اُس سے وہاں کے لوگوں کے نقصانات کا ازالہ کرنے میں بہت مدد ملے گی۔ چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ وزیراعظم کے جگلوٹ سکردو روڈ کوخپلو تک توسیع دینے کے اعلان سے علاقے کی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف گلگت بلتستان کی عوام کو بہترین سفری سہولتیں میسر ہو ں گی بلکہ علاقے کی سیاحت میں بے پناہ اضافہ ہو گا جس سے عام آدمی کو روزگار ملے گا اور اُس کا معیارزندگی بلند ہو گا۔

وفاقی وزیر نے ایک مرتبہ پھر اپنے اس عہد کا اعادہ کیاکہ گلگت بلتستان کے لوگوں کی ترقی کے لیے وفاقی و صوبائی حکومت کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔اُنہوں نے گلگت بلتستان کی عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں گلگت بلتستان کی عوام نے مسلم لیگ(ن) پر جس اعتماد کا اظہا رکیا ہے وہ اُس پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کرے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ میں گلگت بلتستان میں شروع کیے گئے میگاپروجیکٹس کے نتیجے میں اس علاقے کا ایک تابناک مستقبل دیکھ رہا ہوں۔ آنے والے چند سالوں میں اس علاقے کا شمار پاکستان کے خوشحال ترین علاقوں میں ہو گا۔ پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے منصوبے سے سب سے زیادہ فائدہ گلگت بلتستان کی عوام اور بلوچستان کی عوام ہو گا جس سے حکومت کی پسماندہ علاقوں کی ترقی کی ترجیحات کی واضح عکاسی ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :