حکومت نے سرکاری ملازمین کی رہائشی سکیم کیلئے 18 ہزار ایکڑ اراضی حاصل کر لی

جمعہ 31 جولائی 2015 16:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ آئینی اداروں کے ملازمین سمیت صحافیوں کو حکومت کی رہائشی سکیموں میں مقررہ کوٹے کے مطابق پلاٹ فراہم کئے جائیں گے۔ حکومت نے سرکاری ملازمین کی رہائشی سکیم کیلئے 18 ہزار ایکڑ اراضی حاصل کر لی ہے ان خیالات کا اظہار پارلیمانی سیکرٹری سید ساجد مہدی نے ممبران قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب‘ ڈاکٹر شندرہ منصب علی کی جانب سے بھارہ کہو ہاؤسنگ سکیم میں آئینی اداروں کے ملازمین کو الاٹمنٹ لیٹر جاری کئے جانے کے بارے میں توجہ دلاؤ نوٹس پر اظہار خیال کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومت سرکاری ملازمین کیلئے 18 ہزار ایکڑ زمین حاصل کی ہے اور تمام سرکاری ملازمین کو پلاٹ فراہم کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ جن سرکاری ملازمین نے پہلے درخواستیں دی ہیں ان کو پہلے پلاٹ کے الاٹمنٹ لیٹر دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں قومی اسمبلی اور سینٹ کے ملازمین کے کوٹے میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور اس سکیم کے تحت 7 اگست تک صحافیوں سے بھی درخواستیں طلب کی گئی ہیں جس کے بعد الاٹمنٹ لیٹر جاری کئے جائیں گے۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ نے بتایا کہ دیر بالا میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دفتر کرائے کی عدم ادائیگی کی وجہ سے مالک مکان نے بند کیا ہے جو کہ وہاں پر عملے کی کوتاہی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دیر بالا میں دفتر کے معاملات جلد طے ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مزید وسعت دیکر 118 ارب روپے کر دیا گیا ہے اور مستقین کو میرٹ کی بنیاد پر اس پروگرام میں شامل کیا جا سکتا ہے۔